نیویارکـ: پاکستان کو سفارتی محاذ پر ایک بڑی کامیابی ملی،چین، روس اور ایران نے تصدیق کی ہے کہ ٹی ٹی پی ، مجید بریگیڈ اور بی ایل اے سمیت متعدد دہشت گرد گروپ افغانستان سے کام کر رہے ہیں اور پڑوسی ممالک کے لیے خطرے کا باعث ہیں۔
اقوام متحدہ کے 79ویں جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر پاکستان، چین، روس اور ایران کے وزرائے خارجہ کا چار فریقی اجلاس ہوا۔ اجلاس کے بعد جاری ہونیوالے مشترکہ بیان کے مطابق چاروں وزرائے خارجہ نے افغان طالبان کے ٹی ٹی پی سمیت کسی بھی دہشتگرد گروپ کو پناہ نہیں دینے کے دعوؤں کو مسترد کر دیا۔
چاروں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے افغانستان میں دہشت گردی سے متعلق سکیورٹی کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد گروپس داعش، القاعدہ، مشرقی ترکستان اسلامک موومنٹ ، تحریک طالبان پاکستان ، جیش العدل، بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور مجید بریگیڈ افغانستان میں چھپے ہوئے ہیں اور علاقائی و عالمی سلامتی کیلئے بدستور سنگین خطرہ ہیں۔
چاروں ممالک نے ان گروپوں کی جانب سے پڑوسی اور دوسرے کسی ملک پر کی گئی دہشتگرد کارروائیوں کی الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کثیرالجہتی سطحوں پر انسداد دہشت گردی پر تعاون کومزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ طالبان حکومت اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک میں دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دینے کے اپنے بین الاقوامی وعدوں کی پاسداری کریں۔
بیان کے مطابق دہشتگردی کی علامات اور بنیادی وجوہات دونوں کو حل کرنے اور دہشت گردی کو جلد از جلد ختم کرنے کے لیے جامع اقدامات کرنے میں افغانستان کی مدد کی جانی چاہیے۔
چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ نے لاکھوں افغان پناہ گزینوں کی میزبانی پر علاقائی ممالک بالخصوص پاکستان اور ایران کی تعریف کی۔
افغانستان سے دہشتگردی،چین، روس، ایران نےپاکستان کے موقف کی تائیدکردی







