اسلام آباد( اصغر چوہدری ) پاکستان تحریک انصاف نے ممبران قومی اسمبلی کی ممکنہ گرفتاری اور وفاداریاں تبدیل کرانے کے خدشات کے پیش نظر نئی حکمت عملی مرتب کرلی۔
پی ٹی آئی کے پنجاب سے ارکان اسمبلی کو خصوصی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت ،اراکین ایبٹ آباد و پشاور میں قیام پذیر ہوسکتے ہیں اسلام آباد میں موجودگی کے دوران خیبرپختونخوا ہاوس میں رہائش اختیار کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے ۔
پی ٹی آئی کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے اپنے اراکین قومی اسمبلی و سینٹ کے لیئے نئی ایس او پیز تشکیل دیئے گئے ہیں۔ اگلے ہفتے میں ممکنہ آئینی ترمیم کے لیے اجلاسوں کی طلبی کی اطلاعات کے بعد اراکین کو کہا گیا ہے کہ کسی بھی احتجاج یا جلسوں میں ارکان قومی اسمبلی ریلیوں کی قیادت نہیں کریں گے بلکہ یہ ذمہ داری ممبران صوبائی اسمبلی کو سونپی گئی ہے ۔
اراکین اسمبلی کو کہا گیا کہ وہ اپنا زیادہ وقت خیبر پختونخواہ میں گزاریں اس مقصد کے لیے ایبٹ آباد،ہری پور اور پشاور سمیت خیبر پختونخواہ کے دیگر علاقے تجویز کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی قیادت کو یہ خدشہ ہے کہ ان کے اراکین اسمبلی کسی بھی مقدمے میں پنجاب یا اسلام آباد میں گرفتار ہو سکتے ہیں اور گرفتاری کی صورت میں ان اراکین کو اپنی وفاداریاں تبدیل کرنے کے لیے دباؤ کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
پی ٹی آئی نے ارکان اسمبلی کو ممکنہ گرفتاری سے بچانے کیلئے پیش نظر نئی حکمت عملی مرتب کرلی







