بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسرائیل نے جنگ کا دائرہ کار وسیع کردیا، یمن پر حملے شروع

اسرائیل نے جنگ کا دائرہ کارمزید وسیع کرتے ہوئے اب یمن پر بھی حملے شروع کردیئے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے یمن میں حدیدہ بندرگاہ پر ایک پاور پلانٹ کو نشانہ بنایا ۔ یہ حملے اسرائیل پر حوثیوں کے حالیہ میزائل حملوں کے ردعمل میں کیے گئے ۔
ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے رواں ماہ اسرائیل پر 3بیلسٹک میزائل داغے تھے۔
صیہونی ویب سائٹ ”وائی نیٹ نیوز“ نے دعویٰ کیا کہ حدیدہ بندرگاہ اور پاور اسٹیشن پر مبینہ طور پردس سے زیادہ فضائی حملے کئے گئے۔
حوثی باغیوں کے لیڈر نے ہفتہ کی رات دعویٰ کیا تھا کہ ان کی جانب سے زمین سے زمین پر مار کرنیوالا ایک میزائل وسطی اسرائیل پر داغا گیا تھا۔
اسرائیلی  دفاعی افواج نے کہا تھا کہ ملک کے فضائی دفاعی نظام نے میزائل کو ’ملک کی سرحدوں سے باہر‘ مار گرایا ہے۔
ایک ٹیلی ویژن تقریر میں حوثی رہنما عبدالمالک الحوثی نے  اس عزم کا اظہار کیا کہ جمعہ کو بیروت میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کی ٹارگٹ کلنگ ’بیکار نہیں جائے گی۔
حالیہ حملوں پر حوثیوں کا کہنا ہے کہ ہمارے شہریوں پر حملہ کرو گے تو تمہارے شہریوں پر حملہ کریں گے، حدیدہ میں اسرائیلی جارحیت ہمارے جنگی آپریشنز نہیں روک سکتی، یمنی فوج تمام امکانات کے لیے تیار ہے۔