بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعلیٰ پنجاب کے موسمیاتی بہتری اور سموگ سے بچاؤ کے اقدامات عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئے

لاہور(ممتازنیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے موسمیاتی بہتری اور سموگ سے بچاؤ کے اقدامات عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئے۔

پنجاب حکومت نے سموگ سے بچاؤ کے لیے افسران کے لیے ’کارپولنگ‘ نظام متعارف کرایا ہے۔ عالمی میڈیا کے مطابق، ماحولیاتی تحفظ کے ادارے کے افسران سے عارضی طور پر سرکاری گاڑیاں واپس لے لی گئی ہیں۔ ہر دو سے تین افسران کو گھر اور دفتر کے درمیان سفر کے لیے کارپولنگ سسٹم استعمال کرنا ہوگا۔

ای پی اے کے افسران دفتر اور گھر کے درمیان سفر کے لیے ادارے کی مہیا کردہ 12 گرینڈ کیبن گاڑیوں کا استعمال کریں گے۔ یہ کارپولنگ سسٹم اکتوبر سے دسمبر کے اختتام تک رائج رہے گا۔ گریڈ 16 کے 10 افسران کے لیے تین اور گریڈ 17 سے 18 کے 16 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کے لیے چار گاڑیاں مختص کی گئی ہیں۔

ادارے کے چھ ڈائریکٹرز بھی دو گاڑیاں استعمال کریں گے، جبکہ مختلف روٹس بھی تیار کیے گئے ہیں۔ اس طریقہ کار کا مقصد آلودگی میں کمی اور سموگ سے بچاؤ ہے۔

پنجاب حکومت دیگر محکموں میں بھی کارپولنگ سسٹم شروع کرنے پر غور کر رہی ہے اور اس سلسلے میں پولیس، پی ڈی ایم اے، اور ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ سے مشاورت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

صرف لاہور میں موٹر سائیکلوں کی تعداد 45 لاکھ ہے، جس میں روزانہ 1800 کا اضافہ ہو رہا ہے۔ ٹرانسپورٹیشن آلودگی کا 70 فیصد حصہ موٹر سائیکل پیدا کرتی ہے، اور موٹر سائیکل مالکان کو کارپولنگ سسٹم میں شامل کرنے سے سموگ میں خاطر خواہ کمی آسکتی ہے۔ کامیاب نتائج کی صورت میں دیگر شہروں میں بھی یہ سسٹم شروع کیا جائے گا۔