اسلام آباد: سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منیب اختر کی طرف سے رجسٹرار سپریم کورٹ کوتحریرکردہ خط منظر عام پر آگیا۔
جسٹس منیب اختر نے اپنے خط میں لکھا کہ آئین کے 63 اے نظرثانی کیس آج 5 رکنی لارجر بینچ کے سامنے سماعت کے لیے مقرر کیا گیا، 5 رکنی بینچ 23 ستمبر کی ججز کمیٹی میں ترمیمی آرڈیننس کے تحت تشکیل دیا گیا، ترمیمی آرڈیننس کے تحت بینچز کی تشکیل پر سینئر جج نے خط میں آئینی سوالات اٹھائے ہیں۔
جسٹس منیب نے خط میں کہا کہ چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے جواب میں سینئر جج کو خط لکھا مگر انہوں نے اپنے خط میں آئینی سوالات کا جواب نہیں دیا، افسوس کی بات ہے کہ چیف جسٹس کے خط پر ایک مہم چلی۔
انہوں نے لکھا کہ آرٹیکل 63 اے نظر ثانی معاملہ پر چیف جسٹس قاضی فائز پہلے کمیٹی میں اقلیت میں تھے، کمیٹی کی گذشتہ میٹنگ میں چیف جسٹس نے سینئر جج کی سربراہی میں بینچ تشکیل دینے کی رائے دی، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اب بینچ کے سربراہ کیوں بنے وجوہات سامنے نہیں آئی۔ لارجر میں ایڈہاک جج جسٹس مظہر عالم میاں خیل کو شامل کیا گیا۔
جسٹس منیب اخترنے اپنے خط میں ذکر کیا کہ 19 جولائی کی ججز کمیٹی میں ایڈہاک ججز کے امور طے کرلیے تھے، یہ درست ہےکہ جسٹس مظہرعالم میاں خیل فیصلہ دینے والے بینچ کا حصہ تھے لیکن جسٹس مظہرعالم میاں خیل کی بینچ میں شمولیت آرٹیکل 182 کے خلاف ہے۔
انہوں نے خط میں لکھا کہ موجودہ حالات میں 63 اے نظرثانی کی سماعت کےبینچ میں شمولیت سےمعذرت کرتا ہوں، میری معذرت کو کیس سننے سے انکار نہ سمجھا جائے، عدم دستیابی کے باعث بینچ میں شریک نہیں ہو سکتا، میرا خط 63 اےنظرثانی کیس کی فائل کا حصہ بنایا جائے اور بینچ میں عدم موجودگی کا غلط مطلب نہ سمجھا جائے۔
واضح رہے کہ 17 مئی کو سپریم کورٹ آف پاکستان نے تین دو کی اکثریت سے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے صدارتی ریفرنس کا فیصلہ سنایا تھا۔
عدالت عظمیٰ نے قرار دیا تھا کہ منحرف رکن کا ووٹ کاسٹ ہو سکتا ہے لیکن شمار نہیں ہو گا۔ صدارتی ریفرنس میں پوچھے گئے چوتھے سوال (منحرف ارکان کی نااہلی کی مدت) کو سپریم کورٹ نے واپس صدرِ مملکت کو بھجوا دیا تھا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق پارٹی پالیسی سے انحراف کرنے والے ارکان کی نااہلی کی مدت کے لیے قانون سازی کا اختیار پارلیمان کا ہے۔
جسٹس منیب اختر کا رجسٹرار سپریم کورٹ کوتحریرکردہ خط منظر عام پر آگیا







