بیروت: لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کی اسرائیلی حملے میں شہادت کے بعد ان کے نائب نعیم قاسم پہلی مرتبہ میڈیا کے سامنے آگئے۔
حزب اللہ کے نائب سربراہ نعیم قاسم کا خطاب ٹیلی وژن پر نشر ہوا جس میں انہوں نے لبنان کے عوام کو یقین دلایا کہ فتح ہماری ہی ہو گی لیکن ہمیں کچھ صبر سے کام لینا ہو گا۔
نعیم قاسم نے لڑائی جاری رکھنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ طویل جنگ کے لیے تیار ہے۔
ان کاکہناتھا کہ تنظیم کے داخلی نظم کے مطابق سکریٹری جنرل کا انتخاب کیا جائے گا۔
نعیم قاسم نے کہا کہ گزشتہ مہینوں میں حزب اللہ کے اعلیٰ کمانڈرز کے قتل کے باوجود ہم نئے عسکری کمانڈرز پر انحصار کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا اسرائیل ہماری (عسکری) صلاحیتوں کو متاثر نہیں کر سکتا اب ڈپٹی کمانڈر کام کر رہے ہیں اگر کوئی کمانڈر زخمی ہوتا ہے تو اس کی جگہ نیا کمانڈر تعینات کر دیا جاتا ہے۔
اسرائیل نے حالیہ دنوں میں لبنان کیخلاف اپنے حملوں میں تیزی لائی اور گزشتہ دو ہفتوں میں فضائی بمباری میں حزب اللہ کے کئی اعلیٰ عہدے داروں کو نشانہ بنایا ۔
نعیم قاسم نے کہا کہ اگر اسرائیل زمین پر جارحیت کا آغاز کرے گا تو حزب اللہ کے جنگجو لڑائی اور لبنان کے دفاع کیلئے تیار ہیں۔
واضح رہے کہ حسن نصراللہ کی شہادت کے چوتھے دن انکے نائب کی جانب سے یہ خطاب کیا گیا ۔
حزب اللہ طویل جنگ کے لیے تیار ہے، حسن نصراللہ کے نائب نعیم قاسم کاپہلاخطاب








