بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

امریکہ نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت کا بدلنے نہ لینے پر جنگ بندی کے وعدے کئے مگرسب جھوٹ تھا،ایرانی صدر

تہران: ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکی اور یورپی حکام وعدے کررہے تھے کہ اگر ایران حماس کے سابق سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کا ردعمل نہیں دیتا تو جنگ بندی ہو جائے گی لیکن یہ تمام وعدے جھوٹے تھے۔
ایرانی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کی شہادت کے بعد گزشتہ روز کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں ایرانی صدر نے اسرائیلی جرائم کی شدیدمذمت کی۔
ان کاکہناتھا کہ اسرائیل کے حالیہ حملے نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ وہ کسی بھی بین الاقوامی اصول وضوابط کا پابند نہیں ہے۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ امریکا اور یورپ کے حکام یہ وعدے کررہے تھےکہ اگر شہید اسماعیل ہنیہ کے قتل کا ایران کی جانب سے جواب نہ دیا جائے تو جنگ بندی ہوجائے گی لیکن یہ سبھی وعدے جھوٹے تھے۔
ایران کے صدر نے کہا کہ اسرائیل کو جرائم کے ارتکاب پر چھوٹ دیے جانے پر اس کی جرات زیادہ بڑھے گی۔
ایرانی صدر نے کہا کہ انہوں نے ایک امریکی ٹی وی کے ساتھ انٹرویو میں یہ واضح کیا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ جنگ میں حزب اللہ کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ اس وقت بھی ان کا نظریہ یہی ہے کہ حزب اللہ کو اسرائیل کے ساتھ جنگ میں اکیلا نہیں چھوڑنا چاہیے۔
واضح رہے کہ جولائی میں ایرانی دارالحکومت تہران میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد ایران کی جانب سے بارہا اسماعیل ہنیہ کی شہادت کا بدلہ لیے جانے کے بیانات دیے گئے تھے۔
اسرائیلی حکام کی جانب سے متعدد مرتبہ یہ کہا گیا کہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر ایران کا ردعمل آئے گا۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی جانب سے بھی بیان دیا گیا تھا کہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کا بدلہ لینا تہران کا فرض ہے۔