اسلام آباد:نئے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک نے عہدہ سنبھال لیا ۔ لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک کا شمار پاک فوج کے اہم اور باصلاحیت آپریشنل کمانڈنگ آفیسرز میں ہوتا ہے جو اپنے بروقت اقدامات سے مشکل ترین مقاصد کو پورا کرنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک آپریشنل انٹیلی جنس سمیت کئی فوجی معاملات میں مہارت رکھنے والے افسر ہیں۔ وہ اس سے قبل بلوچستان میں انفنٹری ڈویژن اور وزیرستان میں انفنٹری بریگیڈ کی کمانڈ کر چکے ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل عاصم فورٹ لیون ورتھ اور رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز سے فارغ التحصیل ہیں، وہ ڈائریکٹوریٹ آف ملٹری آپریشنز میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔
نئے آئی ایس آئی سربراہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک پاکستان کے پہلے پی ایچ ڈی ہولڈر ہیں جو اس عہدے پر فائز ہوئے ، انہوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) سے پاک امریکا تعلقات پر پی ایچ ڈی کی۔
لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک ایک فوجی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، ان کے والد غلام محمد بھی لیفٹیننٹ جنرل رہ چکے ہیں اور انہوں نے کور کمانڈر راولپنڈی کے طور پر خدمات انجام دیں۔
نئے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک نےچارج سنبھال لیا







