بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھارت: 10 برس تک جعلی شناخت کیساتھ رہنے والا پاکستانی خاندان گرفتار

بھارتی ریاست کرناٹک کے دارلحکومت بینگلورو سے مبینہ طور پر ایک پاکستانی شخص کو اپنے خاندان کے تین اراکین کیساتھ گرفتار کرلیا گیا ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گرفتار ہونے والا شخص فرضی نام اور جعلی دستاویزات استعمال کر کے گزشتہ 10 سال سے ملک میں مقیم تھا۔
گرفتارکیاگیا یہ خاندان مبینہ طور پر 2014 میں بھارت منتقل ہوا تھا جبکہ اس سے قبل وہ ڈھاکہ، بنگلہ دیش میں بھی مقیم رہ چکا ہے۔
پولیس نے اپنی تحویل میں لیے گئے لوگوں کی شناخت48سالہ راشد علی صدیقی ، اسکی اہلیہ 38 سالہ عائشہ اور ان کے والدین 73 سالہ حنیف محمد اور 61 سالہ روبینہ کے طور پر ظاہر کی ۔
مذکورہ خاندان راجپورہ گاؤں میں شنکر شرما، آشا رانی، رام بابو شرما اور رانی شرما کے فرضی ناموں کیساتھ رہ رہا تھا۔
ابتدائی تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی   کہ گرفتار خاندان بھارت آنے سے قبل بنگلہ دیش میں رہتا تھا جبکہ جوڑے کی شادی بھی وہیں ڈھاکہ میں ہوئی تھی۔
خاندان کو خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بینگلورو کے مضافات میں واقع جیگانی سے ایک پولیس چھاپے کے دوران گرفتار کیا گیا  ۔
جیگانی تھانے کے انسپکٹر معاملے کی چھان بین کر رہے ہیں اور اس خاندان کے خلاف ایک مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ، حراست میں لیا گیا خاندان جعلی دستاویزات کی مدد سے یہاں رہائش پذیر تھا، ملزمان سے چھان بین کی جا رہی ہے اور آئندہ تحقیقات کی بنیاد پر ہی مزید ایکشن لیا جائے گا۔
پولیس نے  یہ دعویٰ بھی کیا  کہ گرفتار شدہ خاندان نے چھ سال سے جعلی دستاویزات کی مدد سے گھر کرائے پر لے رکھا تھا اور یہ خاندان ایک گیرج کو اشیا فراہم کیا کرتا تھا تاہم اس نیٹ ورک کی مزید معلومات کے لیے خاندان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
خاندان کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ فرار ہونے کے لیے اپنا سامان باندھ رہے تھے۔ جبکہ پولیس نے خاندان کی گرفتاری کے بعد ان کے پاسپوٹ اور ادھار کارڈ اپنی تحویل میں لیے جن پر جعلی ہندو نام درج ہیں۔
گرفتاری کے دوران خاندان نے اپنی شناخت ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ شوہر کا تعلق کراچی  جبکہ بیوی کا تعلق لاہور سے ہے۔
جوڑے نے مزید بتایا کہ دونوں نے اسوقت شادی کی تھی جب ملزمہ 2011 میں اپنے والدین کیساتھ بنگلہ دیش کے دورے پر تھے۔