اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنماؤں کی سنگجانی جلسہ میں کی گئی ریاست مخالف تقاریر پر سخت ایکشن لینے پر غور شروع کر دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق سنگجانی جلسے میں تقاریر پر پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کے لئے وزارت قانون اور پراسیکیوٹر جنرل سے مشاورت کی گئی۔
حکومت ضابطہ فوجداری کے سیکشن 196 کے تحت پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف درخواست جمع کرائے گی جبکہ وفاقی کابینہ سے باضابطہ منظوری کیلئے درخواست کی جائے گی۔
واضح رہے کہ سیکشن 196 کے تحت درج مقدمات ناقابل ضمانت ہوتے ہیں اور پولیس کو گرفتاری کیلئے وارنٹ کی ضرورت بھی نہیں ہوتی۔ 8 ستمبر کو اسلام آباد کے علاقے سنگجانی میں پی ٹی آئی نے جلسہ کیا تھا جس کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اپنے خطاب میں سخت زبان استعمال کی تھی اور جلسے کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف مقدمات بھی درج ہوئے تھے اور بعدازاں، اراکین اسمبلی کی گرفتاریاں بھی عمل میں آئی تھیں۔
سنگجانی جلسہ میںریاست مخالف تقاریر: پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف بغاوت کامقدمہ درج کرنے پرغور







