بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سپریم کورٹ ججز میں اختلافات شدید ہوگئے

اسلام آباد(طارق محمودسمیر)  سپریم کورٹ کے ججز میں اختلافات تھمنے کا نام نہیں لے رہیںاو رخط وکتابت کے ذریعے  اعتراضات اٹھائے جارہے ہیں، پہلے موجودہ چیف جسٹس فائزعیسیٰ اور متوقع چیف جسٹس منصورعلی شاہ کے درمیان خط وکتابت ہوئی اوراب آرٹیکل 63 اے کی تشریح  سے متعلق نظرثانی درخواست پر سماعت کے معاملے پر جسٹس منیب اخترنے رجسٹرارسپریم کورٹ کو خط لکھ کر سماعت سے معذرت کرلی،جس پر چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے   کہا کہ اگر جسٹس منیب اختر بنچ میں شامل نہ ہوئے تو ججز کمیٹی اجلاس کرکے ایک اور جج کو شامل کیا جائے گا، کیس کی سماعت یکم اکتوبر ساڑھے گیارہ بجے ہوگی، آئین کے آرٹیکل 63 اے کی متنازع تشریح پر سپریم کورٹ بارنے نظرثانی درخواست دائرکی تھی اور یقیناً اس درخواست پر ممکنہ فیصلے کے ملکی سیاست اور مجوزہ آئینی ترمیم کے حوالے سے بھی گہرے اثرات مرتب ہوں گے،دراصل آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے لیے   صدارتی ریفرنس پر 17 مئی کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کچھ سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ کیا تحریک عدم اعتماد کا راستہ ہمیشہ کے لیے بند ہو گیا ہے؟ کیا رکن کی آزاد رائے متاثر ہوگی؟ یا سیاسی جماعتوں کے اندر اختلاف ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گا؟ اور آرٹیکل 95 عدم اعتماد کی ووٹنگ پر اب موجودہ فیصلے کے کیا اثرات ہوں گے؟ سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا تھاکہ جماعت کی ہدایات کے برخلاف جماعت کے سربراہ کے خلاف ڈالا گیا ووٹ شمار نہیں ہو گا۔ لیکن فیصلے میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ سربراہ کے حق میں ہونے والی ووٹنگ میں اگر کوئی ان کا اپنا رکن ہدایت کے برخلاف ووٹ ڈالنا ہی نہ چاہے اور احتراز کرے تو پھر قانون کیا کہتا ہے؟ کیا ووٹ نہ ڈالنا بھی انخراف تصور ہو گا؟ بظاہر سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق اب جماعت کا رکن صرف زبانی اختلاف کر سکتا ہے لیکن جماعت کے خلاف عدم اعتماد ووٹ میں حصہ نہیں لے سکتا۔ اس کا مطلب ہے کہ جماعت کے سربراہ کی پالیسی سے اختلاف ہے تو استعفی دے سکتا ہے۔  ان نکات پر نئی قانونی بحث چھڑ گئی  کہ عدم اعتماد کے جمہوری اور آئینی عمل میں سپریم کورٹ کی یہ رائے رکاوٹ بن سکتی ہے۔ پاکستان کی عدالتی تاریخ میں ججوں کے درمیان اختلافات کی خبریں ہمیشہ ہی سامنے آتی رہی ہیں اور اکثر جج اپنے اختلاف رائے کا اظہار اپنے فیصلوں میں اختلافی نوٹ کے ذریعے کیا کرتے ہیں بعض آئینی، قانونی اور عدالتی انتظامی معاملات ججوں کے مابین اختلاف رائے کی خبریں بھی مقامی میڈیا کی زینت بنتی ہیں اس وقت  سپریم کورٹ کے ججوں کا آپس کا اختلاف ایک ایسی لڑائی میں بدل چکا جو سب کے سامنے عوامی سطح پر لڑی جا رہی ہے بدقسمتی کی بات ہے کہ ملک کی اعلیٰ ترین عدالت کے ججوں کو اس تاثر کی بنا پر دیکھا جائے کہ کس کا کس سیاسی دھڑے کی طرف جھکائو ہے اور کون کس سیاسی جماعت کے حق اور کس سیاسی جماعت کے خلاف فیصلہ کر سکتا ہے۔ محسوس ایسا ہوتا ہے کہ جس سیاسی تقسیم کا پورا معاشرہ شکار ہو چکا ہے اُس کا سپریم کورٹ بھی شکار ہو چکی ہے۔ یہ وہ تاثر ہے جسے ہر حال میں ختم ہونا چاہئے اور جس کے لیے تمام ججوں کو آپس میں مل بیٹھ کر غور و خوض کرنا چاہیے۔ اد ھر مجوزہ آئینی ترامیم کے معاملے پر حکومت جے یو آئی ف کے سربراہ مولانافضل الرحمان کو قائل کرنے کی کوشش کررہی ہے لیکن مولاناکے نہ ماننے کی صورت میں پلان بی بھی تیارکرلیاگیا جس کے تحت پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزادارکان کی حمایت سے قومی اسمبلی سے ترامیم منظورکرالی جائیں گی تاہم چونکہ سینیٹ سے ان ترامیم کی منظور ی مولاناکی حمایت کے بغیر نہیں ہوگی اس لئے حکومت کی پہلی کوشش یہی ہے کہ مولانافضل الرحمان کو ساتھ لے کر چلے ،مولانافضل الرحمان بھی بانی پی ٹی آئی کی طرف موقف بدل رہے ہیں پہلے وہ یہ کہہ چکے ہیں کہ قانون اسمبلی ہی بنائے گی لیکن اب وہ موجودہ اسمبلی کو جعلی قراردے رہے ہیں۔