اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیراعظم شہباز شریف کی تقریر کو دنیا بھر میں پذیرائی ملی اور پاکستان نے فلسطین کی نسل کشی اور اسرائیل کے جنگی جرائم کے خلاف بھرپور انداز میں آواز اٹھائی۔
وفاقی وزیراطلاعات ونشریات عطا تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی مثبت انداز سے آگے بڑھ رہی ہے، وزیراعظم کی حالیہ دورے میں عالمی رہنماؤں سے ملاقات سے خارجہ پالیسی میں بہتری آئی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی نے ثابت کیا کہ پاکستان خطے میں اہم ملک ہے اور پاکستان نے ہمیشہ مسلمہ امہ کے حوالے سے آواز بلند کی۔
ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطین کے معاملے پر اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف جتنی زور دار آواز وزیراعظم شہباز شریف کی رہی پوری دنیا نے اس کی گواہی دی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ شہباز شریف نے فلسطین میں جاری نسل کشی کو روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کو سب سے زیادہ لوگوں نے دیکھا، صرف الجزیرہ پر 16 لاکھ لوگوں نے دیکھا جب کہ اسی چینل پر اسرائیلی وزیراعظم کو صرف 3 لاکھ لوگوں نے دیکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جب تاریخ لکھی جائے گی تو اس تقریر کا ضرور ذکر آئے گا جس میں مسئلہ فلسطین کو ہر پہلو سے اجاگر کیا گیا، وزیراعظم نے یہ کہا کہ اسرائیل اور فلسطین کے تنازع پر جو خاموش ہیں، وہ بھی اس میں سہولت کار ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم کے خطاب کے دوران پاکستانی وفد نے وزیراعظم کی سربراہی میں وہاں سے واک آؤٹ کیا، ہمیں دیکھ کر دیگر ممالک نے بھی واک آؤٹ کیا اور پورا ہال خالی ہوگیا، یہ اعزاز بھی پاکستان کو جاتا ہے۔