لاہور، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے قومی کرکٹ ٹیم کی حالیہ ناقص کارکردگی پر شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے بورڈ کے فیصلوں پر تنقید کرنے والے سابق کرکٹرز اور ناقدین کو سخت جواب دے دیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ وہ قومی ٹیم کی خراب کارکردگی اور مسلسل شکستوں پر انتہائی رنجیدہ ہیں، تاہم انگلینڈ کے دورے کے دوران کیے جانے والے سخت اور غیر معمولی فیصلے اس وقت کے حالات کے مطابق انتہائی ناگزیر اور ضروری تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بورڈ اس وقت صرف کھلاڑیوں کی پرفارمنس ہی نہیں بلکہ کھیل سے ہٹ کر بھی کچھ دیگر اہم معمالات کا جائزہ لے رہا ہے، جن پر مناسب وقت آنے پر بات کی جائے گی۔
سابق کھلاڑیوں اور ناقدین کی جانب سے کی جانے والی شدید تنقید کا جواب دیتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ وہ نہ کبھی تنقید سے گھبرائے ہیں اور نہ ہی اب گھبراتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کی تنقید سے کوئی فرق نہیں پڑتا جنہوں نے اپنے وقت میں خود کچھ نہیں کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر وسیم اکرم جیسے لیجنڈ کرکٹر کی جانب سے کوئی بات یا تجویز سامنے آتی تو وہ اسے ضرور سنجیدگی سے لیتے، لیکن ایسے لوگ جو مکمل صورتحال سے ناواقف ہیں اور جن کا مسئلہ کرکٹ کی بہتری کے بجائے ان کی ذات ہے، ان کی باتوں پر کان نہیں دھرا جا سکتا۔ چیئرمین پی سی بی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قومی ٹیم کی بحالی، ڈسپلن کے قیام اور کرکٹ کے نظام کی بہتری کے لیے تمام ضروری اقدامات بلا خوف و خطر جاری رکھے جائیں گے۔









