اسلام آباد: روس کے سفارتخانے کی جانب سے 28 ستمبر کو شمالی وزیرستان میں ہیلی کاپٹر حادثے کے حوالے سے بیان جاری کیا گیا ، جس میں ایک بیلاروسی اور دو روسی شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ۔
روسی سفارتخانے کےبیان میں کہا گیا کہ پاکستان میں واقع روسی سفارتخانے کی جانب سے نہایت افسوس کیساتھ اطلاع دی جاتی ہے کہ 28 ستمبر کو شمالی وزیرستان خیبر پختونخوا میں پیش آنیوالے حادثے میں ہیلی کاپٹر میں سوار دو روسی شہریوں نکولائی ریباکووچ اور سیمویل مردوئین اور ایک بیلا روسی پائلٹ سرگئی کوشیلوف کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اس حادثے میں جاں بحق ہونیوالے تمام افراد کے اہلخانہ اور احباب سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ 28 ستمبر بروز ہفتہ شمالی وزیرستان میں ماڑی پیٹرولیم کمپنی کا چارٹرڈ ہیلی کاپٹر شیوہ آئل فیلڈ کے نزدیک اڑان بھرتے ہی تکنیکی فالٹ کی وجہ سے کریش کر گیا تھا۔
حادثے کا شکار ہونے والے ایم آئی 8 ہیلی کاپٹر میں تین غیر ملکی پائلٹس اور کریو سمیت 14 مسافر سوار تھے، حادثے میں 6 افراد ہلاک اور 8 افراد زخمی ہوئے تھے۔
حادثے کے دوسرے دن حادثے کے شکار ہیلی کاپٹر کی تصاویر جاری کی گئی تھیں۔
ایوی یشن ذرائع کے مطابق یہ ہیلی کاپٹر پاکستان میں چارٹرڈ پروازیں فراہم کرنے والی کمپنیاں پرنسلے جیٹ نے روس سے ویٹ لیز پر حاصل کیا تھا یعنی اسے عملے سمیت لیز کیا گیا تھا۔
ہیلی کاپٹر حادثہ،ہلاک ہونے والے تین غیرملکی کون تھے؟







