اسلام آباد:جمعیت علمائے اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ممتاز مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ملاقات کی ۔
ممتاز مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے لیے انکی رہائش گاہ پہنچے جہاں ان کے ہمراہ ان کے صاحبزادے طارق نائیک بھی تھے۔
امیرجے یوآئی مولانا فضل الرحمان نے مہمان کو گلدستہ پیش کیا اور تحائف دیے، ڈاکٹر ذاکرنائیک نے انہیں پرفیوم کا تحفہ دیا۔
مولانا فضل الرحمان نے معروف مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائیک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہمارے گھر آکر ہمارے گھر کو رونق بخشی، ڈاکٹر ذاکرنائیک جیسے سوالات کا جواب دیتے ہیں وہ امت مسلمہ کی طرف سے دفاع ہوتا ہے، کئی لوگ انکی دعوت سے ایمان کے نور سے منور ہوچکے ہیں۔
مولانافضل الرحمان نے کہا کہ عالم اسلام کے حسین چہرے سے دنیا کو روشناس کرانا اور امت مسلمہ کا اتحاد واتفاق مشترکہ ہدف ہے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک کا کہنا تھاکہ فضل الرحمان سے ملاقات خواہش تھی جو آج پوری ہوئی، کل کچھ دوست ملنے آئے میں نے کہا سب سے پہلے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کروں گا، پاکستان کے لوگ بہت محبت کرنیوالے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ میرے نزدیک سب سے اہم پیشہ ڈاکٹری کا تھا، قرآن مجید کا ترجمہ پڑھا تو معلوم ہوا سب اچھا پیشہ دعوت کا ہے، امت مسلمہ کو اختلافات بھلا کر قرآن و سنت کی روشنی میں متحد ہوناوقت کا تقاضا ہے، میرے تبلیغی کام کا مقصد دنیا میں اسلام کاامن ومحبت کے حقیقی پیغام اجاگر کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی امت مسلمہ کے اتحاد کی کاوشوں کو سراہتا ہوں۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے مولانا فضل الرحمان کی اقتدا میں نماز مغرب ادا کی۔
مولانا فضل الرحمان اور ڈاکٹرذاکرنائیک کی ملاقات،تحائف کا تبادلہ







