اسلام آباد(طارق محمودسمیر) مہنگائی کی شرح میں مزیدکمی واقع ہوئی ہے، وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 44 ماہ کی کم ترین سطح پر آ چکی ہے ،رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ ستمبر 2024 ء میں کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) 6اعشاریہ9 فیصد ریکارڈ کیا گیا، ستمبر میں مہنگائی وزارت خزانہ کی توقعات سے بھی کم رہی،ادھر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مہنگائی کی شرح 44 ماہ کی کم ترین سطح پر آنے پر اظہار تشکرکیاانہوں نے اپنی معاشی ٹیم کی پذیرائی کی ان کاکہناتھاکہ پاکستان کے ڈیفالٹ کی خواہش کرنے والوں کا منصوبہ ناکام ہوا، پہلے دن سے عوامی ریلیف کیلئے اقدامات کو ترجیح دی یہ کہناغلط نہ ہوگا کہ عوام کی مہنگائی میں کمی کے حوالے سے شہبازشریف حکومت سے توقعات پوری ہو ئی ہیں، گزشتہ پانچ برس کے دوران ملک میں مہنگائی کا جو طوفان اٹھا، اس سے پہلے کبھی ایسا نہیں دیکھا گیا تھا، تاریخی مہنگائی سے اگرچہ تمام طبقات یکساںپریشان تھے تاہم غریب اور متوسط طبقات کوسب سے زیادہ مشکلات جھیلنی پڑیں،مہنگائی کی شرح میںریکارڈ کمی کی وجہ سٹیٹ بینک کی طرف سے پالیسی ریٹ میں کمی، روپے کی قدر میں استحکام اور اجناس کی سپلائی میں بہتری کو قراردے رہے ہیں جب کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں گراوٹ کے رحجان کا بھی مہنگائی میں کمی میں بڑا عمل دخل ہے، یہ امرخوش آئند ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل پانچویں بار کمی کی گئی ہے،ضرورت اس امرکی ہے کہ مہنگائی میں ریکارڈ کمی کا فائدہ حقیقی معنوں میں عام آدمی کے لیے یقینی بنایاجاناچاہئے،مہنگائی مافیا کیخلاف ملک گیر سخت اور مؤثر کریک ڈاؤن کیاجائے ۔ادھر حکمران اتحادنے آئینی ترامیم کی کوششیں تیز کردیںاور اس ضمن میں جے یوآئی کے سربراہ مولانافضل الرحمان سے ایک بارپھررابطوں کا سلسلہ شروع ہوگیاہے جبکہ مولانافضل الرحمان کی طرف سے بھی آئینی ترامیم کے حق میں بعض بیانات سامنے آئے ہیں اس تناظر میں توقع ہیکہ حکومت جلدآئینی ترمیم پارلیمنٹ سے منظورکرانے میں کامیاب ہوجائے گی۔ علاوہ ازیں پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی نے 63 اے تشریح کے معاملے پر نیا بینچ تشکیل دیدیا۔ 3 رکنی پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کا اجلاس میں تیسرے ممبر اور سپریم کورٹ سینئر جج منصور علی شاہ نے منگل کو بھی شرکت نہیں کی ،بنچ میں جسٹس منیب اختر کی جگہ جسٹس نعیم اختر افغان کو 5 رکنی بینچ میں شامل کیا گیا ، بینچ میں سینئرججزشامل نہ ہونے پراعتراضات بھی سامنے آئے ہیں، پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے آرٹیکل 63 اے کی تشریح پر نظر ثانی بینچ کو غیر آئینی قرار دے دیا، یقیناً آئین کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح س یمتعلق نظرثانی درخواست ایک اہم معاملہ ہے،اس پر عدالت کے ممکنہ فیصلے کے ملکی سیاست اور مجوزہ آئینی ترمیم کے حوالے سے بھی گہرے اثرات مرتب ہوں گے،چنانچہ اس صورتحال میں ججز میں اختلافات ممکنہ فیصلے پراثرات ہوں گے ، ملک کی اعلیٰ ترین عدالت کے ججوں کو اس تاثر کی بنا پر دیکھا جائے کہ کس کا کس سیاسی دھڑے کی طرف جھکائو ہے اور کون کس سیاسی جماعت کے حق اور کس سیاسی جماعت کے خلاف فیصلہ کر سکتا ہے۔ محسوس ایسا ہوتا ہے کہ جس سیاسی تقسیم کا پورا معاشرہ شکار ہو چکا ہے اُس کا سپریم کورٹ بھی شکار ہو چکی ہے۔ یہ وہ تاثر ہے جسے ہر حال میں ختم ہونا چاہئے اور جس کے لیے تمام ججوں کو آپس میں مل بیٹھ کر غور و خوض کرنا چاہیے۔







