لاہور: مسلم لیگ ن کے صدروسابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی آڈیو آج بھی میرے پاس ہے کہ نوازشریف کو نکالنا اور عمران خان کو لانا ہے۔
اپنا چھت اپنا گھر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہاکہ مجھے اس پروگرام کے اجرا کی بہت خوشی ہورہی ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز کو دل کی گہرائیوں سےمبارکباد پیش کرتاہوں، سکیم بنتے وقت مجھےجب مریم نواز نےبتایاتو اسوقت بھی بہت خوشی ہوئی،انہوں نے کہاکہ ہم کہتےہیں عوام کا پیسہ عوام پرخرچ ہوناچاہیے،یہ اسکی بہترین مثال ہے، یہ اسکیم بلاسود قرض کی بہترین مثال ہے۔
نوازشریف نے کہا کہ کے پی کےلوگ علاج کے لیے پنجاب آتے ہیں تو ہم انہیں سینے سے لگاتے ہیں، خیبرپختونخوا میں کوئی ان کو دلچسپی نہیں، بلین ٹری منصوبہ کہاں ہے؟ ملک میں کام کیاجاتا اور کام کرنےدیاجاتا تو آج کوئی بےگھرنہ ہوتا، آج ملکی آبادی کا ایک بڑا حصہ اپنے گھروں سے محروم ہے، ایک کمرہ بناناہو تو انسان پریشان ہوتا ہے پیسے کہاں سے آئیں گے؟ میرےپہلےدور میں اس طرح کی بہت اسکیمیں شروع کی گئی تھیں، ہمارے کسی بھی دور کو مکمل نہیں کرنے دیا گیا۔
سابق وزیراعظم نے کہاکہ کہ کون سی ایسی جماعت ہے جس نے اتنا کام کیا ہو جتنا مسلملیگ ن نے کیا، مجھے کسی جماعت کا مسلم لیگ ن جتنا کام بتائیں سننےکوتیار ہوں، دہشت گردی ن لیگ نے ختم کی،ملک کو ایٹمی قوت ن لیگ نے بنایا، ہم آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہتےہیں ، مخالفین اسے دوبارہ لےآتےہیں، کیا کبھی یہ ہدایت ملی ہےکہ اپنا گھر اسکیم کے پی میں شروع کریں؟ اپنے خیبرپختونخوا والوں سے پوچھیں صوبے کےلیے کیا کام کیا، اتنے بڑے جنھوں نے وعدے کیے کونسا وعدہ وفا کیا، ان کی کارکردگی صفر،جہاں موقع ملتا ہے احتجاج کرتے ہیں۔
نواز شریف نے کہاکہ بھیڑ بکریوں کی طرح پیچھے چلنے والے جیل میں بیٹھے شخص سے پوچھیں کہ خیبرپختونخوا کیلئے کیا کیا ؟ یہ مار دھاڑ میں نمبر ون اور کارکردگی میں صفر ہیں، آنسوگیس کے شیل لے کر خیبرپختونخوا سے اس طرح پنجاب آتے ہیں جیسے ماضی میں وسط ایشیا سے لوگ پنجاب پر حملہ آور ہوتے تھے، میں سمجھتا ہوں ایسےعناصر کے ساتھ سختی سےپیش آنا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ کیا ہم نے یہ موٹرویز احتجاج کے لئے بنائی ہیں؟ وہ کہتا تھا گلے میں رسا ڈال کر جیل میں ڈالونگا، اتنے بڑے بول مت بولا کرو، عاجزی سیکھو، جیسا کرو گے ویسا بھرو گے، آپ بھی برابر کے ذمہ دارہیں، پوچھا کبھی اتنے اچھےکام ہورہےتھےکیوں نکالا، کبھی اپنے آپ سے پوچھا مجھے کیوں نکالا؟ مجھے اس بات کا افسوس ہے اور رہے گا، ایک شخص جس نے دن رات پاکستان کیلئے کام کیا اس کیساتھ ایسا کیوں کیا؟ ریاست کے ستونوں نے بھی ریاست کیساتھ کوئی اچھا سلوک نہیں کیا، خرابی کے ذمہ دار ریاست کے ستون بھی ہیں۔
محمدنواز شریف کا کہنا تھاکہ ثاقب نثار کی آڈیو آج بھی میرے پاس ہے کہ نوازشریف کو نکالنا اور بانی پی ٹی آئی کو لانا ہے،انہوں نے کہاکہ دھرنوں کی سیاست اور ان لوگوں نے آج پاکستان کو یہ دن دکھایا ہے۔
نواز کو نکالنا ، عمران کو لانا ہے،، ثاقب نثار کی آڈیو آج بھی میرے پاس موجود ہے، نواز شریف







