اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے مسلم لیگ ن کے سینیٹ کی پارلیمانی پارٹی کے لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی نے ملاقات کی، ملاقات میں سینیٹ کی پارلیمانی پارٹی اور ملکی سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سینیٹر عرفان صدیقی نے وزیرِ اعظم کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان اور امت مسلمہ کے مؤقف کو بھرپور انداز میں پیش کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے وزیرِ اعظم کو مسلم لیگ ن کی سینیٹ میں پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی سے بھی آگاہ کیا۔
سیاسی امور پر گفتگو کرتے ہوئے، سینیٹر عرفان صدیقی نے وزیرِ اعظم کو مولانا فضل رحمن سے ہونے والی حالیہ ملاقات کی تفصیلات بھی فراہم کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور آنے والے چیلنجز پر بھی بات چیت کی گئی، جس کے ذریعے پارٹی کی حکمت عملی کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا گیا۔









