اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ملائیشیاء کے وزیرِ اعظم عزت مآب داتو سری انور ابراہیم نے اپنا تین روزہ دورہ پاکستان مکمل کر لیا اور ملائیشیاء کی جانب روانہ ہوگئے۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، اور وزیرِ کامرس جام کمال خان علیانی نے نور خان ایئر بیس پر ان کو الوداع کیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیاء کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، جو دہائیوں پر محیط ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ملائیشیاء کے وزیرِ اعظم سے تعلقات کی مزید مضبوطی پر اتفاق ہوا ہے۔
وزیرِ اعظم نے انور ابراہیم کے پاکستانی عوام اور حکومت کے لیے اچھے الفاظ اور نیک خواہشات کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک ملائیشیاء بزنس فورم میں تجارت کے فروغ کے لیے مثبت پیش رفت ہوئی ہے، جو ملکی برآمدات میں اضافہ اور نئے روزگار کے مواقع پیدا کرے گی۔
دورے کے دوران، دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کا تبادلہ ہوا، جس میں پاکستان سے ملائیشیاء کو پراسیسڈ گوشت اور چاول کی برآمدات میں اضافہ شامل ہے۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی اور الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری و تجارت میں تعاون کے حوالے سے بھی اہم معاہدے کیے گئے۔ وزیرِ اعظم انور ابراہیم کو صدر پاکستان کی جانب سے نشان پاکستان بھی نوازا گیا، اور ان کی وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملاقات میں شاندار استقبال کیا گیا۔
وزیرِ اعظم نے اس دورے کو پاک ملائیشیاء تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز قرار دیا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں مزید بہتری کی توقع ہے۔









