اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا، جس میں چھ خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔
وزیراعظم نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل محمد شوکت، لانس نائیک محمد اللہ، لانس نائیک اختر زمان، لانس نائیک شاہد اللہ، لانس نائیک یوسف، اور سپاہی جمیل احمد کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے شہداء کی بلندی درجات کے لیے دعا کی اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج نے لازوال قربانیاں دی ہیں اور پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے۔









