بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

 وزیراعظم سےوزیر داخلہ محسن نقوی کی ملاقات، اسلام آباد کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی جس میں وزیراعظم کو اسلام آباد کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
وزیر داخلہ نے بریفنگ میںکہا کہ اہم شاہراہیں ٹریفک کے لئے کھول دی گئی ہیں، صورتحال تیزی سے معمول پر آ رہی ہے۔
وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو سری لنکا سے پاکستانی قیدیوں کی واپسی پر بھی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سری لنکا میں قید 56 پاکستانی قیدی آج وطن واپس پہنچیں گے۔ وفاقی وزیر نجکاری عبد العلیم خان سری لنکا سے پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے تمام اخراجات برداشت کریں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے سری لنکا سے قیدیوں کی واپسی سے متعلق وزیر داخلہ اور  وزیر نجکاری کی کوششوں کی تعریف کی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے اسلام آباد کی امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ، اسلام آباد انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کی ستائش کی۔
انکا کہنا تھا کہ اسلام آباد پر دھاوے کو ناکام بنانے پر اسلام آباد پولیس نے شاندار کردار ادا کیا،پاک فوج، پنجاب پولیس اور رینجرز کے دستوں نے بھی اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ کانسٹیبل حمید شاہ نے عوام کے جان و مال کا تحفظ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائیں۔ قوم یہ قربانی ہمیشہ یاد رکھے گی۔
انہو ںنے ہدایت کی کہ شہید کانسٹیبل کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، شہید کے اہل خانہ کا مکمل طور پر خیال رکھا جائے۔
وزیراعظم کاکہناتھا کہ اسلام آباد کے شہریوں کی جان و مال کے حفاظت کو یقینی بنایا گیا ہے، صورتحال تیزی سے معمول کی طرف لوٹ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معیشت کی ترقی اور مملکت خداداد کی خوشحالی ہماری اولین ترجیح ہے، سیاسی مخالفین کو پاکستان کی معیشت میں بہتری ہضم نہیں ہو رہی، دنیا پاکستان کی معاشی پالیسیوں کی معترف ہے، سیاسی مخالف پاکستان کی ترقی میں رخنہ ڈالنا چاہتے ہیں، پاکستان کی معیشت کے حوالے سے کسی کو غیر قانونی طور پر عدم استحکام پیدا نہیں کرنے دیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آنے والے دنوں میں پاکستان میں ہونے والی بین الاقوامی تقاریب معمول کے مطابق ہوں گی، سیکیورٹی کے بہترین اور اعلیٰ معیار کے انتظامات کیے جا رہے ہیں جس پر پوری توجہ ہے۔