اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے قافلے کے خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد تک پہنچنے کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کا قافلہ پہلے اسلام آباد ٹول پلازہ گیا، ٹول پلازہ سے وزیراعلیٰ نے واپس سنگجانی جانے کا فیصلہ کیا، وزیراعلیٰ سنگجانی کے راستے بلیو ایریا اسلام آباد میں داخل ہوئے۔
علی امین گنڈا پور سنگجانی میں قافلے سے الگ ہوکر اسلام آباد چائنہ چوک گئے تھے، چائنہ چوک سے تین بجے کے بعد وزیر اعلیٰ غائب ہو گئے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور چائنہ چوک سے کےپی ہاؤس اسلام آباد کے لیے نکلے تھے۔
وزیراعلیٰ کے بھائی فیصل امین گنڈاپور نےنجی ٹی وی کو بتایا کہ علی امین گنڈا پور سے تاحال رابطہ نہیں ہوا، پولیس اور رینجرز نے کے پی ہاؤس پر دھاوا بولا تھا، اس وقت وزیراعلیٰ علی امین کے پی ہاؤس میں تھے۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ کے پی ہاؤس میں وزیر اعلیٰ پر حملہ فیڈریشن پر حملہ ہے، کے پی ہاؤس میں توڑ پھوڑ ثبوت ہے کہ وزیراعلیٰ کو زبردستی حراست میں لیا گیا۔
ادھر وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کسی ادارے کی تحویل میں نہیں ہیں، علی امین گنڈا پور کے پی ہاؤس سے بھاگ گئے تھے جس کی فوٹیج بھی موجود ہے۔
علی گنڈا پور کے پی ہاؤس تک کیسے پہنچے؟ تفصیلات سامنے آگئیں







