اسلام آباد: مسلم لیگ(ن) کے صدر نواز شریف نے کہاہےکہ فلسطینیوں کا خون ضرور رنگ لا کر رہے گا، میرا خیال ہے کہ اس حوالے سے شہباز شریف نے جو روڈ میپ دیا ہے اس پر غوروخوض ہونا چاہیے اور اسلامی ممالک کو اکٹھے بیٹھ کر فیصلہ کن اقدامات کرنے چاہئیں۔
اے پی سی میں اظہارخیال کرتے ہوئے نوازشریف نے کہاکہ نہتےفلسطینیوں پربےدردی کےساتھ ظلم ڈھایا جارہا ہے، یہ تاریخ کی بدترین مثال ہے، بچوں کی خون آلودہ تصاویردیکھ کردل خون کےآنسو روتا ہے، غزہ کھنڈرات میں تبدیل ہوچکا ، ماؤں کی گود سےبچے چھین کرشہید کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ غریب فلسطینیوں پر ظلم کا بازار گرم ہے اور کوئی عسکری طاقت نہ ہونے کے باوجود ان پر جو ظلم ڈھایا جا رہا ہے یہ تاریخ کی بدترین مثال ہے ،فلسطین کے بچوں کی خون آلود لاشیں اور شہروں کو کھنڈر میں بدلتے دیکھ کر دل تڑپ جاتا ہے، جس طرح سے معصوم بچوں کو والدین کے سامنے شہید کیا جاتا ہے، ماؤں کی گود سے بچوں کوشہید کیا جاتا ہے، اسطرح کی سفاکیت ہم نے آج تک نہیں دیکھی ہے، اسوقت دنیا نے عجیب و غریب قسم کی پالیسی اور خاموشی اختیار کی ہوئی ہے، وہ اسے انسانی مسئلہ نہیں سمجھتے بلکہ یہ بہت بڑا طبقہ اسے مذہبی مسئلے کے طور پر سوچتا، سمجھتا اور بیان کرتا ہے۔
انہوںنے کہاکہ اسرائیل نےفلسطین پر غاصبانہ قبضہ کررکھاہے، اقوام متحدہ بالکل بے بس بیٹھی ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے جنرل اسمبلی میں فلسطینیوں کا مقدمہ لڑا، سب نے شہباز شریف کی تقریر کو سراہا۔
نوازشریف نے کہا کہ غزہ کی صورتحال بہت افسوسناک ہے، اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پرعملدرآمد کرانےمیں ناکام ہے، ایسی یواین او کا کیا فائدہ جوظلم کونہ روک سکے؟ یاسرعرفات نےفلسطینی عوام کےلیےبڑی جدوجہد کی۔
مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ فلسطینیوں کا خون رنگ لائےگا، شہبازشریف نےاس حوالےسےروڈ میپ دیا اس پر غورہونا چاہیے، عالم اسلام کواب فیصلہ کن اقدامات کرنےچاہئیں،اسلامی ممالک کے پاس بہت بڑی قوت ہے، اسلامی ممالک اپنی قوت کا استعمال آج نہیں کریں گےتوکب کریں گے؟
نواز شریف نے کہا کہ سب کواکٹھےہوکرایک پالیسی بنانی پڑیگی، اگرہم نےکچھ نہ کیا توپھراسی طرح ماؤں،بہنوں کوشہید ہوتا دیکھتےرہیں گے، اسرائیل کے پیچھے عالمی طاقتوں کو بھی سوچنا چاہیے، صدرمملکت کی تجویز سے سو فیصد اتفاق کرتا ہوں، ہمیں اپنی سفارشات مرتب کرنے کے بعد اسلامی دنیا سے رابطہ کرنا چاہیے۔
سابق وزیراعظم نے کہاکہ ہمیں عوام کی توقعات پرپورا اترنا ہے، اس حوالے سے جلدی اقدامات ہونےچاہئیں، اسرائیلی جارحیت کیخلاف خاموشی اختیارکرنا انسانیت کی ناکامی ہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں کوئی پالیسی بنانی پڑے گی ورنہ ہم اسی طرح ہم بچوں کا بھی خون ہوتے دیکھتے رہیں، ماؤں، بہنوں اور والدین کو بھی شہید ہوتے دیکھتے رہیں گے اور کچھ نہیں کر سکیں گے، آپ جانتے ہیں کہ اسرائیل کیوں دندناتا پھرتا رہتا ہے کیونکہ اسکے پیچھے عالمی طاقتیں ہیں جن کی اہمیت ہے لہٰذا ان عالمی طاقتوں کو سوچنا چاہیے کہ کب تک وہ اسلامی دنیا اور فلسطین کے لوگوں کے صبر کا امتحان لیتے رہیں گے۔
نہتےفلسطینیوں پر ہونیوالی سفاکیت آج تک نہیں دیکھی، اسلامی ممالک اپنی قوت کا استعمال آج نہیں کریں گےتوکب کریں گے؟نواز شریف







