اسلام آباد : آل پاکستان وکلاء کنونشن میںمجوزہ جوڈیشل پیکج اور آئینی عدالت کے قیام کیخلاف قرارداد منظور کر لی گئی ۔
”عدلیہ، آئین اور پاکستان بچاؤ“ کے عنوان سے جوڈیشل کمپلیکس جی الیون فور میں وکلاء کنونشن منعقد ہوا، کنونشن میں اسلام آباد ہائیکورٹ بار، اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار اور اسلام آباد بار کونسل کی جانب سے قرارداد منظور کی گئی۔
کنونشن میں اسلام آباد بار کونسل، اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اسلام آباد کے وکلاء شریک ہوئے۔ وائس چیئرمین اسلام آباد بار کونسل عادل عزیز قاضی، سابق وائس چیئرمین اسلام آباد بار کونسل راجہ علیم عباسی اور صدر اسلام آباد ہائیکورٹ بار ریاست علی آزاد بھی کنونشن میں شریک ہوئے۔
کنونشن سے ذوالفقار عباسی ایڈووکیٹ ممبر اسلام آباد بار کونسل، شہباز کھوسہ ایڈووکیٹ ایڈیشنل سیکرٹری سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، بابر اعوان، مصطفیٰ نواز کھوکھر، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن شکیل عباسی، صدر اسلام آباد ہائیکورٹ بار ریاست علی آزاد، چیئرمین اسلام آباد بار کونسل راجہ علیم عباسی نے خطاب کیا۔
حامد خان نے کہا کہ جس کسی پارلیمنٹ ممبر نے اس پیکج کا ساتھ دیا وہ بھی آئین کا غدار کہلائے گا، اس پیکج کا ساتھ دینے والوں پر آرٹیکل 6 کے تحت غداری کے مقدمات چلائے جانے چاہئیں۔
ان کاکہناتھا کہ قاضی جو قاضی کہلانے کے قابل نہیں شرمندگی کی بات ہے، میں نے اسکی خاطر عمران خان سے جنگ لڑی لیکن مجھے نہیں پتہ تھا یہ قاضی ملک کی عدلیہ کو تباہ کرنے کی کوشش کریگا، مجھے معلوم نہیں تھا کس طرح یہ فلور کراسنگ کو سپورٹ کرے گا، کیا ضرورت تھی اس کو جب 15 دن ریٹائرمنٹ میں رہ گئے ہیں۔
حامد خان کاکہناتھا کہ اس کنونشن کے منتظمین سمیت یہاں موجود تمام بار کونسلز کے صدور اور نمائندوں کا شکر گزار ہوں، میں اسلام آباد ہائی کورٹ بار اور ڈسٹرکٹ بار کو اس ملک گیر کنونشن کے انعقاد پر مبارکباد دیتا ہوں، یہ آج تک کیے گئے تین بڑے کنونشنز میں سب سے اہم کنونشن ہے۔
انہوں نے کہا ہماری ماضی کی تحریکوں سے ہم نے عدلیہ کو آزاد کروایا، عدلیہ اور آئین سمیت ملک کو بچانے کیلئے یہ تیسری تحریک ہے، لوگ مجھے کہتے ہیں کہ وکلاء منقسم ہیں لیکن میں کہتا ہوں کہ وکلا آئین کی بالادستی کیلئے متحد ہیں اور ہر تحریک میں ہماری ایک ہی پارٹی ہوتی ہے وہ پارٹی ہے کالا کوٹ۔
حامد خان نے کہا کہ ہم کسی فرد نہیں ادارے کے لیے لڑتے ہیں، ایک متبادل عدالت بنانے کی بات ہو رہی ہے، اس ملک میں 77 سال سے پولیٹیکل انجینئرنگ ہو رہی ہے جب کہ ملکی تعمیر میں کسی جرنیل کا کردار نہیں، بانی پاکستان قائد اعظم اور ان کے رفقا وکیل تھے۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا آج ہم میں وہ اتحاد موجود ہے جسکی بناء پر ہم آئینی ترمیم نہیں ہونے دیں گے، اگر ملک کی 10، 15 سال کی سیاست کو دیکھیں تو دو ہزار کے اوائل میں یہ ملک جن حالات سے گزرا وہ سب کے سامنے ہیں۔
ان کاکہناتھاکہ پرویز مشرف کے خلاف غداری کا کیس چلا، ہماری اسٹیبلشمنٹ نے بھی سب سمجھ لیا کہ ملک کے نظام کو اندر سے کیپچر کرنا ہے۔ جوڈیشری کو مجبور کیا جائیگا کہ جو بھی فیصلے ہوں گے اسٹیبلشمنٹ کی مرضی کے مطابق ہوں گے، یہ ہمارے لیے بڑا چیلنج ہے۔
آل پاکستان وکلاء کنونشن :مجوزہ جوڈیشل پیکج اور آئینی عدالت کیخلاف قرارداد منظور







