بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وہ بالی وڈ اداکار جنہوں نےبچپن کی دوستوں کو جیون ساتھی بنایا

ممبئی (شوبز ڈیسک)شوبز ستاروں کے لیے کہا جاتا ہے کہ ان کی دوستی اور محبتیں طویل عرصے تک قائم نہیں رہتی ہیں اور جس طرح یہ اچانک شادی کے بندھن میں بندھتے ہیں تو ویسے ہی اچانک اپنے جیون ساتھی سے راہیں جُدا کر لیتے ہیں لیکن یہ سوچ ہر شوبز فنکار کے لیے درست ثابت نہیں ہوتی ہے۔

اگر ہم بالی ووڈ ستاروں کی بات کریں تو اُن میں کئی اداکار ایسے ہیں جنہوں نے اپنے بچپن کی دوستوں کو جیون ساتھی چُنتے ہوئے ناصرف اپنی ازدواجی زندگی مضبوط بنائی ہے بلکہ اپنی دوستی کو بھی قائم رکھا ہے۔

آئیے اُن بالی ووڈ اداکاروں کے بارے میں جانتے ہیں جنہوں نے اپنے بچپن کی دوستوں کو جیون ساتھی منتخب کیا۔

شاہ رخ خان

کنگ خان کے نام سے مشہور بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کی اپنی اہلیہ گوری سے پہلی ملاقات اسکول پارٹی کے دوران ہوئی تھی اور اسی ملاقات کے دوران اس جوڑی کی دوستی ہوئی، وقت گُزرنے کے ساتھ ہی یہ دوستی محبت میں تبدیل ہوئی اور پھر سال 1991 میں دونوں نے شادی کر لی۔

ریتک روشن

بالی ووڈ میں اپنے منفرد ڈانس اسٹیپز اور شاندار اداکاری کی بدولت اپنی ایک الگ پہچان بنانے والے اداکار ریتک روشن کی ازدواجی ز ندگی کی بات کریں تو اُنہوں نے بھی اپنی بچپن کی دوست سوزان خان سے شادی کی تھی

لیکن بدقسمتی سے اس جوڑی کے درمیان علیحدگی ہو گئی، تاہم علیحدگی کے باوجود یہ دونوں آج بھی ایک دوسرے کے بہترین دوست ہیں اور اکثر و بیشتر کئی مقامات پر ایک ساتھ بھی نظر آتے ہیں۔

آیوشمان کھرانا

بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار آیوشمان کھرانا اور ان کی اہلیہ طاہرہ کیشپ بھی بچپن کے دوست ہیں، دونوں ایک ہی کالج میں زیرِ تعلیم تھے، دونوں نے 2011ء میں شادی کی اور اس جوڑی کے 2 بچے ہیں جن میں ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہے۔

جیکی شیروف

سینئر اداکار جیکی شیروف اور ان کی اہلیہ عائشہ شیروف بھی ایک ہی اسکول میں پڑھتے تھے اور دونوں اسکول کے زمانے سے ہی ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار تھے، 1987ء میں دونوں شادی کے بندھن میں بندھے اور یہ شادی آج بھی قائم ہے۔

فردین خان

اداکار فردین خان اور اُن کی اہلیہ نتاشا بھی بچپن کے دوست ہیں اور ساتھ ہی بڑے ہوئے ہیں، فردین خان اور نتاشا 2005ء میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے، لیکن بدقسمتی سے یہ شادی بھی قائم نہ رہ سکی۔

ورون دھون

بالی ووڈ کے کامیاب اداکار ورون دھون نے بھی اپنی اسکول کی دوست نتاشا دلال کو جیون ساتھی چنا، یہ جوڑا 2021 میں شادی کے بندھن میں بندھ گیا تھا، یہ شادی اب تک قائم ہے۔