اسلام آباد(ممتازنیوز) سعودی عرب کا اعلیٰ سطحی وفد آج شام اسلام آباد پہنچے گا، جہاں وہ دو روزہ سرکاری دورے کے دوران پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں کرے گا۔ ذرائع کے مطابق، وفد کی قیادت سعودی وزیر برائے سرمایہ کاری کر رہے ہیں اور اس دورے کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان متعدد اہم معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق، سعودی وفد کی صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات شیڈول ہے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات آج شام طے ہے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کل بدھ کو ہوگی۔ وزیراعظم شہباز شریف وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے۔
وفد کی ملاقات ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے بھی طے شدہ ہے۔ اس دورے کے دوران پاکستان میں سعودی عرب کی جانب سے 5 بلین ڈالرز کی ممکنہ سرمایہ کاری کی توقع کی جا رہی ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی علامت ہے۔
اس کے علاوہ، سعودی وفد اسلام آباد میں سعودی سفارتخانے کا بھی دورہ کرے گا، جہاں سعودی سفیر وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔
یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تجارتی، اقتصادی اور سرمایہ کاری کے روابط کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہو سکتا ہے۔









