بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان اور سعودی عرب کا معیشت، زراعت، کان کنی اور آئی ٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق، 25 معاہدوں پر دستخط کا اعلان

اسلام آباد(ممتازنیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری سے سعودی عرب کے وزیر برائے سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے معیشت، زراعت، کان کنی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

صدر مملکت نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی اور مضبوط تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک کو خطے اور اسلامی دنیا کے خوشحال اور پرامن مستقبل کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے غیر متزلزل یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا اور دونوں ممالک کے تعلقات کو ایک طویل المدتی اسٹریٹجک اور اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی خواہش ظاہر کی۔

صدر مملکت نے سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان کی بصیرت افروز قیادت کو سراہا اور سعودی عرب کی ویژن 2030 کے تحت شاندار ترقی کی تعریف کی۔ انہوں نے ہر مشکل گھڑی میں سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی مدد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی ترقی اور خوشحالی پاکستان کے لیے باعث مسرت اور فخر ہے۔

سعودی وزیر برائے سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح نے بتایا کہ سعودی عرب پاکستان کے تعمیری انفراسٹرکچر اور کان کنی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی وفد مختلف شعبوں میں 25 معاہدوں پر دستخط کرے گا، جو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ دونوں ممالک نے خاص طور پر زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔