ممبئی(شوبز ڈیسک) بالی ووڈ کے 65 سالہ سینئر اداکار سنجے دت نے شادی کی سولہویں سالگرہ پر اپنی اہلیہ مانیاتا دت کے ہمراہ دوبارہ شادی کے پھیرے لے کر اپنی محبت کے عہد کی تجدید کی۔
سنجے دت کی اپنی اہلیہ سے دوبارہ شادی کی ویڈیو انسٹاگرام پر وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سنجے دت ایک مندر میں پنڈت کی موجودگی میں دوبارہ سات جنموں کا وعدہ کرتے ہوئے اپنی بیوی کے ساتھ پھیرے لے رہے ہیں۔
اگرچہ جوڑے کی جانب سے ابھی تک تقریب کی کوئی باقاعدہ ویڈیو کسی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری نہیں کی گئی، تاہم مندر میں بنائی جانے والی ان ویڈیوز نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی ہے۔
View this post on Instagram
ویڈیو میں دوبارہ شادی کے وقت سنجے دت نے زعفرانی رنگ کا دھوتی کرتا اور ان کی اہلیہ مانیاتا نے سفید رنگ کا پرنٹڈ لباس پہنا ہوا تھا اور دونوں ایک پنڈت کے منتروں کے درمیان ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے آگ کے گرد پھیرے لے رہے تھے۔
حال ہی میں اداکار سنجے دت نے انسٹاگرام ایپ پر اپنی اہلیہ مانیاتا دت کو شادی کی سولہویں سالگرہ کی مبارک باد بھی پیش کی۔
View this post on Instagram
سنجے دت کی جانب سے انسٹاگرام پر پوسٹ کی جانے والی ویڈیو کے کیپشن میں اداکارہ نے لکھا کہ ’’ہیپی اینی ورسری مانیاتا، میری زندگی کا بہترین حصہ بننے کےلیے آپ کا شکریہ اور آپ نے مجھے جو 2 خوبصورت بچے دیے ہیں، ان کےلیے بھی آپ کا بے حد شکریہ‘۔
اداکار نے اپنی اہلیہ سے اظہارِ محبت کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’’میں آپ سے بے حد محبت کرتا ہوں اور زندگی کی آخری سانس تک آپ کے ساتھ رہنا چاہتا ہوں اور رہوں گا، شادی کی سالگرہ مبارک ہو مانیاتا‘۔
واضح رہے کہ سنجے دت اور مانیاتا دت کی شادی 7 فروری 2008 میں گووا میں واقع تاج ایگزوٹیکا میں ہوئی تھی اور ان کے دو جڑواں بچے شاہ ران اور اقرا ہیں۔










