بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نوازشریف،بلاول کی ملاقات۔۔۔اندرونی کہانی سامنےآگئی

اسلام آباد: مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے آئینی ترامیم کے ترمیمی مسودے پر اتفاق کرلیا  ۔
صدر مسلم لیگ ن نواز شریف سے پیپلزپارٹی کے وفد نے چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں ملاقات کی۔ ملاقات میں رانا ثنا اللہ، احسن اقبال، پرویزرشید، مرتضیٰ جاوید عباسی اور مریم اورنگزیب شریک ہوئیں۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے یوسف رضا گیلانی، سید نوید قمر اور شیری رحمان شریک ہوئیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق ملاقات میں بلاول بھٹو نے مجوزہ آئینی ترامیم پر سیاسی جماعتوں سے روابط کے بارے میں آگاہ کیا۔ آئینی ترامیم سے متعلق مولانا فضل الرحمان کے نئے مسودے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔  مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی میں آئینی ترامیم کے ترمیمی مسودے پر اتفاق رائے ہوگیا۔  بلاول بھٹو نے مولانا فضل الرحمان کی شرائط اور تجاویز سے آگاہ کیا، نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کی تجاویز سے اتفاق کیا۔ مسودے میں مولانا فضل الرحمان کی ترامیم بھی شامل کرلی گئیں۔  آئینی ترامیم پارلیمنٹ میں پیش کرنےکی تاریخ کا فیصلہ بھی مشاورت سےکیا جائےگا۔   نواز شریف نے تمام پارلیمانی جماعتوں کے اتفاق رائے پر زور دیا۔ نواز شریف نے تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان حتمی مسودے پر اتفاق رائےکی ہدایت کی۔
پیپلزپارٹی، ن لیگ اور جے یو آئی ف کی قانونی ٹیمیں آئینی ترامیم کے مسودے کو حتمی شکل دیں گی۔ آئینی ترامیم کا بل کابینہ اورپارلیمنٹ میں پیش کرنے کی تاریخ کا تعین مزید مشاورت سے ہوگا۔
ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ میثاق جمہوریت میں خواہش تھی کہ تمام قوتیں مل کر پاکستان کو معاشی سیاسی استحکام دیں، خواہش تھی کہ پاکستان کو معاشی سیاسی استحکام دیں جس کے نتیجے میں ملک خوشحال ہو۔
نواز شریف نے بلاول بھٹو کے سیاسی کردار کو سراہا اور شاباش دی۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی رواداری، اخلاق، آئین و قانون اور پارلیمان کی بالا دستی کے لیے ہم ایک ہیں، 18 ویں ترمیم نے اداروں کو مضبوط کیا تھا۔
بلاول کا کہنا تھا کہ بےنظیر بھٹو شہید اور نواز شریف نے میثاق جمہوریت سے ملک کو آگے بڑھانےکا تاریخی قدم اٹھایا، میثاق جمہوریت کے تاریخی قدم کے سفر کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔
بلاول نے نواز شریف سے کہا کہ میں آپ کے سیاسی وژن، سوچ اور تجربے کی بہت قدر کرتا ہوں، ملک اور قوم کو آپ کے سیاسی تجربے کی ضرورت ہے۔

دریں اثناملاقات کے بعد جاری کئے گئے اعلامیہ کےمطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں کا مہنگائی کی شرح 32 سے 6.9 فی صد ہونے، پالیسی ریٹ میں کمی اور معاشی بہتری پر اطمینان کا اظہارکیا۔انہوں نے معاشی اشاریوں میں مسلسل بہتری، بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے ریکارڈ8.8 ارب ڈالر بھجوانے پربھی اطمینان کا اظہارکیا۔انہوں نے کہا پاکستان اور عوام کو ریلیف ملنے کی رفتار بڑھنا خوش آئند اور نیک شگون ہے،، دونوں قائدین کا سعودی سرمایہ کار وفد کی آمد ، ایس سی او کے انعقاد کا بھی خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ یہ تمام سرگرمیاں پاکستان کے عالمی وقار اور معاشی بہتری کے لئے نہایت مثبت پیش رفت ہے۔