بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

انٹراپارٹی الیکشن نظرثانی کیس :پی ٹی آئی وکلاءکی عدم حاضری عدالتی بائیکاٹ ،کارروائی کی جائے،اکبرایس بابر

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے انٹراپارٹی الیکشن نظرثانی کیس میں پی ٹی آئی وکلاءکی عدم حاضری کو عدالتی بائیکاٹ قرار دے دیا۔
 میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہاکہ پی ٹی آئی کے6 وکلاءمیں سے کسی ایک کا بھی پیش نہ ہونا سب سے بڑے جوڈیشل فورم کے بائیکاٹ کے مترادف ہے،انٹراپارٹی نظرثانی کی سماعت نہ کرنے کا واویلا کرنے والی پی ٹی آئی خود ہی سماعت سے مفرور ہے۔
انہوں نے کہاکہ عدالتی کارروائی مکمل ہونے کے بعد میرے وکیل سید احمد حسن شاہ کو کمرہ عدالت میں ایک وکیل نے دھمکی دی کہ اگلے روز کی تاریخ کیوں مانگی، کیا آپ نے بار کا الیکشن نہیں لڑنا؟ ۔انہوں نے نےسید احمدحسن شاہ کو دھکی دینے کی شدید مذمت اورغیرحاضر تمام وکلاءکے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیاکہ کوڈآف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر پاکستان بار کونسل ایسے وکلاءکو شوکاز نوٹس جاری کرکے قانونی کارروائی کرے ، پی ٹی آئی کی اپنی نظرثانی کی درخواست تھی جس کا اس نے خود ہی بائیکاٹ کیا ، یہ کام وکلاءکا لاہوری گروپ کررہا ہے جو عدلیہ کی آزادی کے دعوے کرتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے وکلاءکا یہ اقدام فاشزم ہے جس کا ہمیں مقابلہ کرنا ہے ، سماعت میں پیش نہ ہونا عدلیہ کی توہین ہے، برطانیہ میں یہ رویہ اختیار کرنے والے وکیل اور درخواست گزار کے خلاف کارروائی ہوتی ،سپریم کورٹ نے 13 جنوری کو انٹراپارٹی الیکشن کے مقدمے میں تاریخی فیصلہ دیا ،سپریم کورٹ کے فیصلے سے پہلی بار سیاسی جماعتوں کے اندر انتخابات کی اہمیت اجاگر ہوئی ،یہ وہ مائنڈ سیٹ ہے جو کہتا ہے کہ جج اوربینچ بھی ہماری مرضی کا، فیصلہ اور تاریخ بھی ہماری مرضی کی ہوگی ۔
انہوں نےکہاکہ  ملک میں انصاف ، قانون کی حکمرانی اور انتشار کے خاتمے کے لئے اس مائینڈ سیٹ کامقابلہ کرنا ہوگا ۔یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ کے 13 جنوری کے انٹراپارٹی فیصلے کے خلاف نظرثانی اپیل دائر کی ہوئی ہے۔