اسلام آباد: جمعیت علماء اسلام کےسربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ لچک کے بغیر آئینی ترمیم کے حکومتی مسودے پر اتفاق ممکن نہیں، اٹھارہویں ترمیم میں 9 ماہ لگائے تھے، اس کےلیے کم از کم 9 دن تو لگیں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا مسودے پر اتفاق رائے اسی صورت میں ہوسکتا جب لچک کا مظاہرہ کیا جائے، ہماری کوشش ہے کہ ترمیم سے قابل اعتراض مواد کو صاف کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے وکلا ءمسودہ کی کاپیاں دیکھیں گے،جے یوآئی اور پیپلز پارٹی متفقہ مسودہ کی طرف آگے بڑھیں، حکومت کی دوسری اتحادیوں کو بھی مسودہ پر اعتماد میں لیا جائے، اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ اتفاق رائے کی طرف جانا چاہتے ہیں، ہم بہت ہی مناسب مسودہ پر اتفاق کرسکتے ہیں، بشرطیکہ ہماری تجویز قبول کریں، حکومت کے مسودہ کو ہم نے مسترد کر دیا تھا، کوشش ہےقابل اعتراض مواد کو مکمل صاف کیا جائے۔ ان کاکہناتھا کہ کہ آئینی ترمیم پر پیشرفت ہوئی ہے، آج حکومت کی طرف سے پہلی بار مسودے کی کاپیاں تقسیم کی گئیں، یعنی ہم حکومتی مسودے پر غور کا آغاز کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس 25 اکتوبر کو ریٹائرڈ ہوجائیں گے تو ٹھیک ہے، کوشش ہے کہ 19ویں ترمیم ختم کر کے 18 ویں ترمیم بحال کی جائے، 19ویں ترمیم کے خاتمے سے ججز تقرری میں پارلیمان کا کردار بڑھے گا، ایک جج کی ریٹائرمنٹ اور توسیع کی بات کرکے عدلیہ کو تقسیم نہ کیا جائے، ججوں کو چاہیے کہ وہ اپنے رویے اور کارکردگی سے عوام کا اعتماد حاصل کریں۔ مولانافضل الرحمان نے کہا عدلیہ کو خدا کیلئے سیاسی جماعتوں میں تقسیم نہ کرو، آئینی عدالت ہو یا آئینی بینچ ہو، دونوں ایک دوسرے کے متبادل ہوسکتے ہیں، معاملہ بینچ کی صورت طے ہو یا عدالت کی صورت، بات اصول کی ۔
18ویں ترمیم میں 9 ماہ لگائے تھے، 26ویںپر کم از کم 9 دن تو لگیں گے،مولانا فضل الرحمان







