اسلام آباد:پی ٹی آئی نے 15 اکتوبر کو ڈی چوک اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان کر دیا۔
پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے شرکت نہیں کی۔
اجلاس کے بعد سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ 15 اکتوبر کو اسلام آباد کے ڈی چوک میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا، جس کے لیے مرکزی کمیٹی سے لے کر علاقائی سطح تک تمام تنظیمی ذمہ داران اور ونگز کو تیاریوں کی ہدایت کردی گئی ۔
اعلامیے کے مطابق 15 اکتوبر کو ڈی چوک کے پرامن احتجاج کی تیاریوں کے پیشِ نظر پنجاب کے اضلاع میں ہونے والا احتجاج منسوخ کردیا گیا جس کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
سیاسی کمیٹی نے کہا کہ مینڈیٹ چور اور آئین و قانون سے بیزار ناجائز حکمران ظلم اور سفّاکیت ترک کرنے پر کسی طور آمادہ نظر نہیں آرہے، اڈیالہ میں ناحق قید بانی چیئرمینپی ٹی آئی عمران خان کو بطورِ خاص بربریت کے نئے سلسلے کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ عمران خان کی زندگی، صحت اور سلامتی کو جان بوجھ کر سنگین خطرات سے دوچار کرنے کیلئے ان کے تمام بنیادی و انسانی حقوق سلب کیے گیے ہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے احتجاج پر حکومتی وزرا نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ 15 اکتوبر کو ڈی چوک پر احتجاج کااعلان انتہائی قابل مذمت عمل ہے۔
ان کاکہناتھا کہ پاکستان میں طویل عرصے بعد بہت اہم انٹرنیشنل اجلاس ہو رہا ہے، ایک درجن سے زیادہ ممالک کے صدور اور وزرا اعظم اجلاس میں شریک ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ تقریبا 900 وفود اسلام آباد میں موجود ہوں گے، تقریبا 200 انٹرنیشنل میڈیا ارکان بشمول بھارتی میڈیا موجود ہوں گے، ایسے نازک مرحلے پر اسلام آباد پر ایک اور چڑھائی انتہائی قابل مذمت ہے۔
حکومتی وزراء کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی یا تو کسی کے اشارے پر عمل کر رہی ہے یا کھلم کھلا ملکی مفاد کیخلاف کام کر رہی ہے، تحریک انصاف کا ایجنڈا کیا ہے؟
پی ٹی آئی کا 15 اکتوبر کو ڈی چوک اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان







