اسلام آباد:حکومتی وزراء نے پی ٹی آئی کی طرف سے 15 اکتوبراحتجاج کے اعلان کو ملک دشمنی قراردیتے ہوئے کہاہے کہ ریاست پوری طاقت سے احتجاج کو روکے گی۔
وزیراطلاعات عطاء تارڑنے کہاکہ شرپسندعناصر کو ایس سی او میں رخنہ ڈالنے کا موقع نہیں ملے گا،سازشی ذہنیت والوں کو گھر بیٹھ کر سکو کرنا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ ایس سی او کی میزبانی پاکستان کے لیے اعزازکی بات ہے، غیر ملکیوں کے دورے کامیاب ہوں گے ، سلامتی کی صورت حال پر توجہ ہے، یقین ہے کہ ہمارے مہمان پاکستان کا مثبت تشخص لے کر جائیںگے ۔انہوں نے کہاکہ ایس سی او پاکستا ن کے لیے معاشی لحاظ سے بھی اہم ہے،چینی وزیراعظم کے دورے کے دوران تعاون کے معاہدے ہوں گے۔
وزیردفاع خواجہ آصف نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کاایس سی او کے موقع پر احتجاج کااعلان ملک دشمنی نہیں تو اور کیاہے؟ریاست پوری طاقت سے احتجاج کو روکے گی۔
خواجہ آصف نے کہاکہ پی ٹی آئی کااحتجاج ملک دشمنی اورقابل مذمت ہے۔انہوں نے کہاکہ ایس سی اوکے اہم موقع پر پوری دنیاکی نظریں پاکستان پرہوں گی،ایسے میں احتجاج ملک دشمنی نہیں تو اور کیاہے؟ان کے ساتھ وہی سلوک ہوناچاہئے جو ملک دشمنوں کے ساتھ ہوتاہے،خواجہ آصف نے کہاکہ ریاست پوری طاقت سے احتجاج کو روکے گی۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی جس راستے پر چلی ہے اس کی قیمت ملک کو اداکرناپڑے گی۔انہوں نے کہاکہ اقتدارآنی جانی چیزہے،کسی کی میراث نہیں،بانی پی ٹی آئی اقتدارسے محروم ہوگیاتو نومئی برپاکردیا،تاہم ملک کو یرغمال نہیں بننے دیں گے۔
وزیر اعظم کے مشیر سیاسی امور اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ نے بھی جمعہ کو احتجاج کااعلان کرنے پر پی ٹی آئی کی تنقیدکانشانہ بنایا۔
راناثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی احتجاج کرنے کا اعلان کر کے ملک دشمنی کا مظاہرہ کر رہی ہے جو کہ افسوسناک ہے، پی ٹی آئی بے نقاب ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی معیشت اور غریب عوام کی دشمن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ملک میں خوشحالی نہیں دیکھنا چاہتی، پی ٹی آئی اس سے پہلے ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے پر ڈالنے کی کوشش کر چکی ہے۔
راناثناء اللہ نے کہا کہ ہمیں اندازہ تھا کہ مولانا فضل الرحمان ہماری حمایت کریں گے لیکن انہیں کچھ تحفظات ہیں، صدر اور وزیراعظم نے فضل الرحمان سے ملاقاتیں بھی کی ہیں۔ راناثناء اللہ نے کہا فضل الرحمان پرانے اتحادی ہیں، ان کے ووٹ ڈالنے سے ہماری تعداد 211 تک پہنچ جائے گی۔ نمبرزگیم مکمل ہونے پر اتفاق رائے ہو جائے گا ۔راناثناء اللہ نے کہا کہ اس وقت ہمارے پاس نمبر زگیم کی مکمل نہیں ہیں جس کی وجہ سے مشاورت جاری ہے۔
وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہاکہ وزیراعظم شہبازشریف کی کوششوں سے بارہ ملکوں سے وفود پاکستان آرہے ہیں، ایس سی اوکانفر نس کے لیے وفود کاآناسازشی عناصر کو اچھانہیں لگ رہا،پی ٹی آئی فسادی پارٹی ہے جسے پاکستان میں ایس سی او کاہونابرا لگ رہاہے۔انہوںکہاکہ جب بھی ملک ترقی کرنے لگتا ہے ملک میں فسادپھیلانے کی کوشش کی جاتی ہے۔
مسلم لیگ ن کے سینیٹرطلال چوہدری نے کہاکہ پی ٹی آئی کھل کرسامنے آگئی، پاکستان کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، 2014 میں بھی انہوں نے چینی صدر کے دورے میں رکاوٹ ڈالی۔
ایس سی اوپر احتجاج ملک دشمنی،ریاست پوری طاقت سے روکے گی،حکومتی وزراء







