بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھارتی فلموں کو پاکستان میں ریلیز کی اجازت دینے کی تیاری

لاہور(شوبز ڈیسک)وفاقی حکومت بھارتی فلم کی پاکستان میں ریلیز کی اجازت دینے جارہی ہے جس پر کچھ حلقوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

حکومت سے فلم ڈسٹری بیوٹرز کے ایک وفد نے ملاقات میں درخواست کی کہ پاکستان میں بھارتی فلم کی اجازت ہونی چاہیے جس سے سینما گھروں کا بزنس بہتر ہوگا۔

اس وقت بھارتی پنجابی فلم پاکستان بھر میں ریلیز ہورہی ہے جس سے سینما گھر چل تو رہے ہیں لیکن ان کا بزنس ویسا نہیں ہے جیسا ہونا چاہیے۔

پاکستانی فلمیں بھی اس سال کے اس ماہ تک آٹے میں نمک کے برابر ہی ریلیز ہوئی ہیں جن سے سینما گھروں کا بزنس نہ ہونے کے برابر ہے، بھارتی فلم بھی بزنس کرنے میں ناکام ہی رہی ہیں۔

بھارتی فلم کی جہاں ڈسٹری بیوٹرز حمایت کررہے ہیں وہاں پاکستان فلم انڈسٹری کے ڈائریکٹر اور ایکٹر ملک یعقوب نور نے بھارتی فلم کی پاکستان میں ریلیز کی کھل کر مخالفت کی ہے۔

ملک یعقوب نور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت لاکھوں کشمیریوں کے ناحق قتل اور پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث پایا گیا ہے۔

ایسے میں بھارتی فلموں کو پاکستان میں نمائش کی کھلی اجازت دے کر ملک وقوم کے ساتھ زیادتی ہوگی۔ ملک یعقوب نور نے کہا کہ اس حوالے سے فلمی حلقوں کا کردار انتہائی شرمناک ہے۔

فلم انڈسٹری پر قبضہ کرنے کا خواب دیکھنے والوں نے بھارتی فلموں کی ریلیز پرمجرمانہ چپ سادھ رکھی ہے جو اس ملک وقوم کے ساتھ زیادتی ہے۔

ملک یعقوب نور نے کہا کہ کسی صورت بھارتی فلموں کو پاکستان میں نمائش کی اجازت نہیں ملنی چاہئے کیونکہ بھارت براہ راست کشمیر میں ظلم وستم میں ملوث ہے۔

انہوں نے کہاکہ فلم انڈسٹری کے کرتا دھرتاؤں کو اس حوالے سے سخت مؤقف اپنانا چاہئے لیکن نہ جانے وہ کیوں خاموش ہیں۔ ملک یعقوب نور نے گزشتہ سال دو فلموں کی اوپننگ کی تھی اور ان کی دو مزید فلمیں آن سیٹ ہیں۔

نئی بھارتی فلم ’ارداس ثربت دے بھلے دی‘ پاکستانی سینماؤں میں ریلیز کی گئی۔ فلم ’کیری آن جٹا‘ سیریز کے سپر اسٹار گپی گریوال کی ڈائریکشن اور پروڈکشن میں بنی یہ فلم والدین اور اولاد کے باہمی رشتے کے خرابیوں اور تقدس کو اجاگر کرتی ہے۔

فلم کی کاسٹ میں گرپریت گگی، جسیمین بھاسن، نرمل رشی سمیت مشرقی پنجاب کے دیگر نامور فنکار شامل ہیں۔ باکس آفس رپورٹس کے مطابق فلم کا بزنس اچھا نہیں رہا۔