اسلام آباد (صغیر چودھری )پی ٹی آئی کا متوقع دھرنا فور، پولیس نے انتظامات کے لئے 14 کروڑ روپے مانگ لئے ، امن وامان کے لئے دیگر اضلاع سے 19500 اضافی نفری بھی مانگی جائے گی ۔ وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد پولیس کی جانب سے وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پی ٹی آئی کے متوقع لانگ مارچ کے شرکا کو اسلام آباد میں داخلے سے روکنے کے لئے آئی سی ٹی پولیس کی نفری کم ہے ۔پنجاب کانسٹیبلری سے 6ہزار نفری کی ضرورت ہے۔ اسی طرح سندھ پولیس سے 2 ہزار اے آر یو ،لاہور سے 2 ہزار، ایف سی کے 5 ہزار جبکہ رینجرز کے 4 ہزار اہلکار درکار ہیں ۔ آئندہ دھرنے یا لانگ مارچ کے لئے اخراجات کی مد میں وفاقی پولیس نے وزارت داخلہ سے14 کروڑ سے زائدکی ڈیمانڈ کی ہے جس سے آنسو گیس کے شیل ،ربڑ کی گولیاں ، نفری کی نقل وحرکت اور مختلف پوائنٹس پر تعیناتی کے لیے فیول چارجز اور کھانے پینے کے اخراجات وغیرہ پورے کئے جائیں گے۔اس کے علاوہ راستے بلاک کرنے یارکاوٹوں کے لئے پکڑے گئے کنٹینرز کا کرایہ بھی شامل ہے جبکہ سرویلنس کیمروں کی خریداری کے لئے 3 کروڑ 93 لاکھ 63 ہزار روپے الگ سے مانگے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق پولیس نے پی ٹی آئی کے 25 مئی کے لانگ مارچ اور دھرنا تھری کے لئے 10 کروڑ 78 لاکھ 40 ہزار روپے کی ڈیمانڈ کی تھی جوکہ کیبنٹ ڈویژن کو لکھے گئے خط نمبر 1491.92A کے ذریعے ڈیمانڈ کئے گئے تھے ۔۔ وفاقی پولیس کے سربراہ انسپکٹر جنرل اکبر ناصر خان درانی نے وزیر داخلہ کو یقین دہانی کروائی کہ دھرنے یا لانگ مارچ کی آڑ میں کسی بھی سیاسی جماعت کے کارکنوں یا شرپسند عناصر کو شہر کا امن خراب نہیں کرنے دیں گے نہ ہی کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت دی جائے گی۔ اس حوالے سے پولیس کا انٹیلی جنس اداروں سے مکمل رابطہ ہے ۔ آئی جی نے بتایا کہ مشتعل ہجوم کو ہلڑ بازی یا شر انگیزی پر اکسانے والوں کی فہرستیں تیار کرلی گئی ہیں وقت آنے پر وسیع پیمانے پر گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جائیں گی۔
پی ٹی آئی کا متوقع دھرنا، پولیس نے انتظامات کیلئے 14 کروڑ روپے مانگ لئے








