اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پنجاب میں 20 صوبائی نشستوں پر الیکشن ہورہے ہیں، پی ٹی آئی پنجاب کے ضمنی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی۔ تحریک انصاف کورکمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اجلاس میں فیصل کیا گیا ہے کہ تحریک انصاف کا کوئی ایم این اے استعفوں کی تصدیق کےلیے اسپیکر قومی اسمبلی کےسامنے پیش نہیں ہوگا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا موقف ہے کہ ہمارے استعفے اس وقت کے اسپیکر نے منظور کرکے نوٹیفیکشن بھی جاری کیا تھا لہذا ہمیں دوبارہ استعفوں کی تصدیق کی ضرورت نہیں ہے۔سابق وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ رانا ثناء کی دھمکیاں اور غیرسیاسی گفتگو پوری قوم نے سنی، وزیرداخلہ عمران خان کو گرفتار کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں مگر عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو شدید ردعمل آئے گا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس سے زیادہ سیاسی حماقت ہو نہیں سکتی، کور کمیٹی کارکنان کو ہدایت کرتی ہے کہ ایسی اطلاع کی صورت میں فوری طور پر اپنا پرامن سیاسی ردعمل دے، قانون کے دائرے میں سیاسی ردعمل آپ کا حق ہے۔رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہم نے آئی ایم ایف کے دباؤ کے باوجودتیل اوربجلی کی قیمتیں کم کیں،مگر موجودہ مسلط حکومت کے مختصر دورانئے میں پاکستان میں مہنگائی کا ایک نیا طوفان آنے والا ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جب ہمارے دور حکومت میں کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات ہورہے تھے تو ہم پر اپوزیشن اور خصوصاً موجودہ وزیرخارجہ تنقید کرتے تھے لیکن آج بھی مذاکرات کےلیے وفود کو کابل بھیجا جارہا ہے لیکن بلاول بھٹو خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف اور بلاول بھٹو واضح کرے کہ کیا انہوں نے اپنے موقف پر نظرثانی کرکے یہ تسلیم کرلیا ہے کہ جو اس وقت ہورہا تھا اسی میں ملک کی بہتری تھی۔ رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ 25 مئی کو تحریک انصاف کے ورکرز پر ظلم اور تشدد میں ملوث پولیس افسران کی نشاندہی کررہے ہیں اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔
پنجاب کے ضمنی الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے،شاہ محمود قریشی








