اسلام آباد(طارق محمود سمیر) 26ویں آئینی ترامیم پر اتفاق رائے کے امکانات پیدا ہونا شروع ہوگئے ہیں ،خصوصی پارلیمانی کمیٹی میں اہم پیشرفت کے بعد
ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے ، جے یو آئی اور پیپلزپارٹی کے درمیان مشاورت کا عمل تیز ہوچکا ہیاور آئینی ترامیم کا مسودہ بھی کمیٹی میں شیئر ہونے کے بعد یہ واضح ہوگیا ہے کہ آئینی عدالت سات ججز پر مشتمل ہوگی ، ریٹائرڈ جج بھی آئینی عدالت کا سربراہ مقرر ہوسکے گا اور ان ججز کی تقرری کا طریقہ کار بھی تجویز کردیا گیا ہے،اگر کوئی جج تین سال تک جج کے عہدے پر تعینات رہے اور وکالت کا 10سالہ تجربہ ہو تو وہ اسے اس عدالت کے جج کے طور پر مقرر کرنے کا اختیار پارلیمانی کمیٹی اور وزیراعظم کو دیا جائے گا ،حکومتی ذرائع نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ 16اکتوبر کی رات تک نمبر گیم پوری ہوجائے گی ،وزیراعظم آفس سے بھی تمام حکمران اتحاد کے ارکان اور پارلیمانی لیڈروں کو یہ پیغام دے دیا گیا ہے کہ 17سے19اکتوبر کے درمیان اسلام آباد میں موجودگی کو یقینی بنائیں کیونکہ انہی دنوں میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس طلب کئے جا سکتے ہیں ۔آئینی ترامیم کے حوالے سے جو مسودہ سامنے آیا ہے اس پر جے یو آئی اور پیپلزپارٹی میں اس بات پر معمولی سا اختلاف موجود ہے کہ اسے آئینی عدالت کہا جائے یا آئینی بینچ ،اس بارے میں جے یوآئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ اور پیپلزپارٹی کے مرتضیٰ وہاب کے درمیان ملاقاتیں ہوئی ہیں ،ذیلی کمیٹی جس کا سربراہ وزیرقانون کو مقرر کیا گیا ہے اس کا کام بھی بہت اہم ہے ، بلاول بھٹو زرداری نے ایک بیان دیا جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے آئینی عدالت کا خواب دیکھا تھا جس کو ہم مکمل کریں گے ۔انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ لندن میں ہونے والی گول میز کانفرنس میں قائداعظم نے آئینی عدالت کے حق میں دلائل دیے تھے ،بلاول بھٹو ایک اہم نقطہ سامنیلائے ہیں ،مولانا فضل الرحمان جو اس سارے کھیل کے مرکزی کردار بنے ہوئے ہیں انہوں نے بھی کافی حد تک لچک دکھا دی ہے اور یہاں تک کہہ دیا ہے کہ اٹھارہویں ترمیم کی منظوری کے وقت 9ماہ لگے تھے ابھی ہمیں 9دن تو دیے جائیں اور ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی واضح کردیا ہے کہ ججز کی تقرری کا جو طریقہ اٹھارہویں ترمیم میں دیا گیا تھا اس کو بحال کیا جانا چاہئیے ، دوسری جانب تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کی طرف سے ایس سی او کانفرنس کے موقع پر 15اکتوبر کو ڈی چوک میں احتجاج کی کال دینے پر پارٹی کے اندر سے ہی شدید مخالفت کا سامنا ہے جبکہ دیگر سیاسی جماعتوں اور حکومتی وزراء نے بھی پی ٹی آئی کو آڑھے ہاتھوں لیا ہے،کچھ یہ خبریں بھی گردش کر رہی ہیں کہ جب سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا ڈی چوک سے پراسرار انداز میں واپسی کے بعد کالعدم تنظیم پی ٹی ایم کے معاملے سے احسن طریقیسے نمٹنے کے طریقہ کا رپر وفاقی حکومت سے رابطہ ہوا اور وزیرداخلہ ، گورنر فیصل کریم کنڈی سے ان کی ملاقات ہوئی تو پی ٹی آئی کے اندر سے موجود بعض ہارڑ لائنر جن کی قیادت اپوزیشن عمر ایوب کر رہے ہیں نے 15اکتوبر کو ڈی چوک پر احتجاج کی کال دے کر گنڈا پور کو پیغام دیا ہے ، عمر ایوب اور گنڈا پور کے اختلافات اور تلخ کلامی کی خبریں بھی سامنے آئی ہیں بہر حال تحریک انصاف کی قیادت کو چاہیے کہ 15اکتوبر کو احتجاج کی کال واپس لی جائے ، اگر ایسا نہ کیا گیا تو پی ٹی آئی کیلئے بہت زیادہ مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں ،جہاں تک عمران خان کے ساتھ جیل میں سختیاں کرنے کی خبریں پھیلائی گئی ہیں ان پر اڈیالہ کے سپرنٹنڈنٹ کا ایک بیان آچکا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ عمران خان کو جیل مینئول کے مطابق تمام سہولتیں میسر ہیں انہیں کسی دوسرے سیل میں منتقل نہیں کیا گیا، وہ روزانہ تین گھنٹے ورزش کرتے ہیں اور دو مشقتی ان کی خدمت کیلئے موجود ہوتے ہیں جبکہ اپنی مرضی کا کھانا بنوانے کیلئے انہیں علیحدہ کچن بھی دیا گیا ہے اور روزانہ دو انگریزی اخبار انہیں پڑھنے کو دیے جاتے ہیں ، اس وضاحت کے بعد اس طرح کا پروپیگنڈا کرنا مناسب نہیں کہ عمران خان کیساتھ کوئی ناروا سلوک کیا جارہا ہے۔
تجزیہ
ترامیم ،17تا 19اکتوبر اسمبلی اجلاس طلب، نمبر گیم فائنل







