بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

صحافتی تنظیموں کی پی ٹی آئی کے بعض رہنماؤں کے بے بنیاد پروپیگنڈے کی مذمت

 

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) اور آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) نے ایک مشترکہ بیان میں پاکستان تحریک انصاف کے بعض رہنماؤں کے بے بنیاد پروپیگنڈے کی مذمت کی ہے۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی کے بعض رہنماؤں کے جعلی اور بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈے کی مذمت کرتے ہیں، بے بنیاد پروپیگنڈے کا مقصد ملکی میڈیا کو بدنام کرنا ہے۔
بیان کے مطابق فواد چوہدری، شہباز گل اور حماد اظہر مسلسل جعلی خبریں پھیلا رہے ہیں، جعلی خبریں پھیلانے کا مقصد میڈیا کے ذریعے سستی شہرت حاصل کرنا ہے۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ میڈیا مخالف مذموم مہم بند نہ کی گئی تو اپنے آئینی حقوق کا استعمال کریں گے اور ان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا جائے گا۔
پی بی اے اور اے پی این ایس نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی سوشل میڈیا پر فتنہ انگیز مہم پر بھی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مشترکہ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ مہم میں اشتہارات کا انتہائی مبالغہ آمیز حجم بتایا جا رہا ہے، میڈیا کی دیانت پر سوال اٹھائے جارہے ہیں۔
پی بی اے اور اے پی این ایس نے عمران خان سے جعلی خبریں پھیلانے والے پارٹی رہنماؤں کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔