ممبئی(شوبز ڈیسک)کانگریسی لیڈر اور سابق رکنِ اسمبلی بابا صدیق کو بالی وڈ کے مشہور خانز یعنی سلمان خان اور شاہ رخ خان کے درمیان طویل عرصے تک چلنے والی لڑائی کو ختم کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
بالی وڈ ستاروں کو ایک چھت کے نیچے جمع کرنے کا ذکر ہو اور بابا صدیق کا نام ذہن میں نہ آئے ایسا ہو نہیں سکتا کیونکہ ہر سال رمضان میں بابا صدیق ایک شاندار افطار کا اہتمام کرتے تھے جس میں شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے ستاروں کو مدعو کیا جاتا تھا۔
اگرچہ بابا صدیق خود مسلمان تھے اور اہتمام بھی افطار کا کرتے تھے لیکن اس دعوت میں ہر مذاہب سے تعلق رکھنے والے ستارے اور دیگر معروف شخصیات کو مدعو کیا جاتا تھا اور سب سج سنور کر اس دعوتِ افطار میں شرکت کرتے نظر آتے تھے۔
سب کو جوڑ کر رکھنے کی کوشش کرنے والے بابا صدیق نے بالی وڈ کے ان دو ستاروں کو بھی پھر سے یکجا کیا جو کبھی بھائیوں جیسے تھے لیکن انکی دوستی کو نظر لگ گئی تھی۔
بالی وڈ کے ‘کرن ارجن’ یعنی سلمان خان اور شاہ رخ خان کی سال 2008 میں اداکارہ کترینہ کیف کی سالگرہ میں لڑائی ہوگئی تھی جس کے بعد دونوں کی گہری دوستی کیا بات چیت بھی ختم ہوچکی تھی۔
سلمان خان اور شاہ رخ خان کی لڑائی کے سبب بھارتی فلم نگری میں پروڈیوسر و ہدایتکار بے حد پریشان تھے کے دونوں کو ایک ساتھ لیکر کیسے چلا جائے کیونکہ ہمیشہ دو بڑے ستاروں کی لڑائی میں فلم انڈسٹری بھی دو حصوں میں بٹنے پر مجبور ہوجاتی ہے۔
اس موقع پر بابا صدیق نے اہم کردار ادا کیا اور 2013 میں انہوں نے بالی وڈ کی مختلف شخصیات سے رابطہ کر کے سلمان خان اور شاہ رخ خان کو پھر سے ایک کرنے کی تگ و دو کی۔
بابا صدیق کی محنت رنگ لائی اور انکی جانب سے منعقدہ افطار پارٹی میں دونوں خانز نے اپنی لڑائی ختم کرتے ہوئے ایک دوسرے کی جانب دوستی کا ہاتھ بڑھا دیا۔
بابا صدیق نے سلمان خان کے والد و اسکرپٹ رائٹر سلیم خان کے برابر میں شاہ رخ خان کو بٹھوایا جہاں دونوں محوِ گفتگو تھے کہ سلمان خان کی انٹری ہوئی جنہیں دیکھ کر شاہ رخ خان اپنی سیٹ سے اٹھ کھڑے ہوئے اور دونوں نے ایک دوسرے کو گلے لگا لیا۔
اسی لمحے کو یادگار بناتے ہوئے فوراً بابا صدیق نے میڈیا سے اس لمحے کی تصویر بھی بنوائی جہاں وہ دونوں خانز کو گلے لگائے کھڑے بھی دکھے۔
بالی وڈ کی تاریخ میں یہ ایک یادگار تصویر مانی جاتی ہے جس میں دو روٹھے ہوئے دوست پھر ایک ہوتے دکھے اور اس بات کا کریڈٹ ہمیشہ بابا صدیق کو ہی حاصل رہے گا۔
دونوں اسٹارز کے درمیان رنجش مٹوانے والے بابا صدیق کو 12 اکتوبر کی رات فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا اور یہ خبر جہاں ان کے چاہنے والوں کو گہرا صدمے دے گئی وہیں سلمان خان اور شاہ رخ خان کی جوڑی کو پسند کرنے والے بھی شدید غمزدہ ہیں۔









