بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری  کا گورنر کو چائے، کافی انجوائے کرنے کا مشورہ

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے گورنر پنجاب سلیم حیدر کو صوبے کے انتظامی معاملات میں مداخلت کی بجائے گورنر ہاؤس میں بیٹھ کر چائے، کافی اور خشک میوہ جات انجوائے کرنیکا مشورہ دیدیا۔

گورنر  سلیم حیدر کی جانب سے صوبے کے سرکاری سکولوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت چلانے کی مخالفت پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حکومت اور صوبے کے انتظامی امور کیسے چلانے ہیں؟ یہ مریم نواز اچھے سے جانتی ہیں۔
 ان کاکہناتھا کہ سندھ میں سکولز سرے سے موجود ہی نہیں ہیں۔ اور جو سکولز ہیں ان میں جانور بندھے نظر آتے ہیں۔ امتحانات میں نقل اور پورے سینٹرز بکنے کا رواج ہے جب کہ جہاں آپ کی 16 سال سے حکومت ہے وہاں کا اسکول سسٹم آج بھی 19ویں صدی کے طرز پر چل رہا ہے۔

عظمیٰ بخاری کے مطابق سندھ کے محکمہ تعلیم میں آئے روز میڈیا پر گھوسٹ ملازمین اور گھوسٹ طلبہ کی خبریں نشر ہوتی ہیں جب کہ پنجاب کے 7 اضلاع شرح خواندگی میں آج بھی ٹاپ پر ہیں۔
ان کاکہناتھا کہ کراچی کے 2 علاقوں اور حیدرآباد کے علاوہ باقی سندھ میں شرح خواندگی صفر ہے جب کہ پنجاب میں تعلیم کا معیار بہتر ہونے کی وجہ سے سرکاری سکولوں کے طلبا بورڈ میں نمایاں پوزیشن حاصل کر رہے ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب میں بچوں کو لیپ ٹاپ، وظائف اور اسکوٹیز مل رہی ہیں جب کہ کچھ دن پہلے سندھ میں ہونے والے ایم کیٹ کی کہانیاں پورے ملک نے سنی ہیں  جو کام تحریک انصاف کرتی ہے اب وہ گورنر پنجاب نے شروع کر دیئے گورنر بڑی تکلیف سے آپکو یاد کرانا پڑتا ہے کہ آپ گورنر ہیں۔ انتظامی معاملات سے آپ کا کوئی لینا دینا نہیں۔