بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جیل کُک کو چھٹی پر بھیج دیا گیا،بانی پی ٹی آئی تنہائی اور اندھیرے میں قید ہیں، جمائمہ کادعویٰ

لندن: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سابق اہلیہ جمائمہ خان نے دعویٰ کیا ہے کہ اطلاعات ہیں عمران خان تنہائی میں قید ہیں، لفظی طور پر اندھیرے میں ہیں اور بیرونی دنیا سے کوئی رابطہ نہیں  ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ”ایکس“ پر اپنے پیغام میں جمائمہ نے  کہا کہ گزشتہ چند ہفتوں میں میرے بیٹوں کے والد عمران خان کے جیل میں علاج بارے سنجیدہ اور تشویش ناک پیشرفت ہوئی ہے۔ پاکستانی حکام نے انکے اہلخانہ اور وکلاء سے تمام ملاقاتیں بند کردی ہیں اور عدالتی سماعتوں کو بھی ملتوی کردیا گیا اس کے علاوہ ان کے بیٹوں سلیمان اور قاسم خان کی بھی فون پر گفتگو روک دی گئی  ۔
جمائمہ نے کہا ہمیں یہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ حکام نے اب عمران خان کے سیل میں لائٹس اور بجلی بند کردی  اور اب انہیں کسی بھی وقت اپنا سیل چھوڑنے کی اجازت نہیں ہے۔ جیل کک کو چھٹی پر بھیج دیا گیا ہے۔ اب وہ بالکل الگ تھلگ ہیں، تنہائی میں قید ہیں، لفظی طور پر اندھیرے میں ہیں اور بیرونی دنیا سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔
جمائمہ نے  کہا کہ عمران خان کے وکلاء ان کی حفاظت اور فلاح و بہبود کے بارے میں فکر مند ہیں۔
جمائمہ نے مزید لکھا کہ یہ اقدامات عمران کی فیملی کو نشانہ بنائے جانے کے ساتھ ساتھ ان کی پارٹی کے ممبروں اور حامیوں کو خاموش کرانے کی کوشش میں سامنے آئے ہیں۔ عمران کا بھتیجا حسن نیازی جو کہ ایک سویلین ہے، اسے اگست 2023 سے فوجی تحویل میں حراست میں رکھا ہے۔ حال ہی میں عمران خان کی بہنیں عظمیٰ اور علیمہ خان، جنہوں نے عمران کی طرف سے بات جاری رکھی ہے ، انہیں بھی گرفتار کیا گیا ہے کیونکہ انہوں نے بھی پرامن احتجاج کا راستہ اختیار کیا۔ وہ بھی فی الحال جیل میں ہیں ، اسکے باوجود ان کی قید کی مناسب یا قانونی بنیاد موجود نہیں ہے۔

جمائمہ نے کہا کہ رواں سال جون میں اقوام متحدہ کے ”من مانی حراست سے متعلق گروپ“ نے پایا کہ عمران کو غیر قانونی اور فرمائشی طور پر حراست میں لیا گیا اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا ہم فوری طور پرعمران خان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں ، اور انکی بہنوں اور بھتیجے کی رہائی کے ساتھ ساتھ ان کے بیٹوں کے اپنے والد سے رابطہ دوبارہ قائم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ انہیں یقین دہانی کرائی جاسکے کہ انکے والد ٹھیک ہیں اور ان سے بدسلوکی نہیں کی جارہی ہے۔