کراچی(شوبز ڈیسک)پاکستانی اداکارہ و مارننگ شو ہوسٹ ندا یاسر نے اپنی بیٹی صلہ کے سوشل میڈیا پر نظر نہ آنے کی وجہ پر سے پردہ ہٹا دیا۔
ندا یاسر گزشتہ کئی سالوں سے شوبز کی دنیا سے جڑی ہوئی ہیں اور شادی بھی اسی شعبے سے تعلق رکھنے والی فیملی میں کی۔
ندا یاسر نے سال 2002 میں اداکار، پروڈیوسر و ہدایتکار یاسر نواز سے پسند کی شادی کی جن سے انکے دو بیٹے فرید، بالاج اور ایک بیٹی صلہ ہیں۔
ندا یاسر نے حال ہی میں اپنی بیٹی کے حوالے سے بات کی جس کی وجہ انکے مارننگ شو میں بطور آؤڈینس شو کا حصہ بننے والی ایک خاتون بنیں جنہوں نے بتایا کہ انکی 15 سال کی بیٹی انکے موبائل میں ریلز بناتی ہے۔
اس پر ندا یاسر نے کہا کہ ’میری بھی بیٹی ہے اور وہ تو 15 سال سے بھی زیادہ عمر کی ہے لیکن یاسر کی طرف سے اسے اجازت نہیں ہے کہ وہ ریلز بنائے یا پبلک اکاؤنٹ رکھے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ ہمارا تعلق تو شوبز سے ہے اور شوبز کے لوگوں کو بہت لبرل سمجھا جاتا ہے لیکن ہم نے بھی اپنی بیٹی کو اجازت نہیں دی ہوئی، یہ سب والدین کے ہاتھ میں ہوتا ہے کہ وہ بچوں کو روکیں‘۔
ندا یاسر نے اپنا مسئلہ شیئر کرنے والی خاتون سے کہا کہ ’اگر آپکی بیٹی آپ کی بات نہیں مان رہی تو آپ اپنے شوہر کو کہیں ، کیونکہ ایسے معاملات ابّا کو دیکھنے چاہئے‘۔









