اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آئینی ترمیم پہلے سینیٹ میں لانے کا فیصلہ کیا ، آئینی ترمیم کل ایوان بالا میں پیش کی جائے گی۔ نجی ٹی وی کے مطابق 26 ویں آئینی ترمیم ایوان بالا کے بعد قومی اسمبلی سے منظور کی جائے گی۔
گزشتہ روز آئینی ترامیم پر پیپلز پارٹی اور جے یو آئی میں اتفاق ہونے کے بعد قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس 17 اکتوبر کو اجلاس طلب کئے گئے ، جمعرات کو قومی اسمبلی اور سینیٹ سے 26 ویں آئینی ترامیم پاس کروائے جانے کا امکان ہے لیکن حکومت نے قومی اسمبلی سے پہلے سینیٹ میں آئینی ترامیم پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان کہہ چکے ہیں کہ آئینی ترمیم پر ہم آہنگی ہوگئی اور آئینی ترمیم جے یو آئی کے ہاتھ میں ہے، آئین سازی ہوگی تو صرف ہمارے مسودے پر ہوگی، جے یو آئی کے مسودے کے علاوہ کسی اور آئین سازی کی اجازت نہیں دیں گے۔ اس تمام پیشرفت کے بعد وزارت پارلیمانی امور کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی سمری صدر مملکت کو ارسال کی گئی جس کے مطابق اجلاس 17 اکتوبر کو شام 4 بجے ہوگا۔ اجلاس میں تمام پارلیمانی جماعتوں کو آئینی ترمیم پربحث کا بھرپور موقع کیا جائے گا۔ گزشتہ روز بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کی تھی۔
اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان سنجیدہ ماحول میں بات چیت ہوئی ہے، آئینی مسودے پر اتفاق ہوگیا ہے، بدھ کو نواز شریف سے بھی ملاقات ہوگی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ مولانافضل الرحمان نواز شریف سے بھی بات کریں گے، جے یو آئی کے ساتھ تعلقات جاری رہیں گے۔
نواز شریف سے ملاقات میں آئینی ترمیم کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوگا، مولانا فضل الرحمان اور بلاول اپنی مشاورت کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔ ملاقات میں 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر حتمی مشاورت ہوگی اور دوطرفہ دلچسپی کے امور بھی زیر بحث آئیں گے۔
آئینی ترامیم، حکمران اتحادنے نئی حکمت عملی تیارکرلی







