بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

چانسلر آکسفورڈ یونیورسٹی کیلئے امیدواروں کی فہرست جاری، عمران کاخواب چکناچور،زلفی بخاری کی ناکامی پرمعذرت

اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے انتخاب کی دوڑ سے باہر ہو گئے،  یونیورسٹی نے اپنی ویب سائٹ پر چانسلر کے عہدے کے لیے حتمی امیداروں کی فہرست جاری کردی، جس میں عمران خان کا نام شامل نہیں ، آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے عہدے کے لیے 40امیدواروں کے درخواست دی تھی جن میں سے 38 کی منظوری دی گئی،امیدواروں میں متعددنام مسلمانوں شامل ہیں،  امیدواروں میں برطانیہ کی کنزرویٹو پارٹی کے سابق وزیر اعظم بورس جانسن، مشہور برطانوی آرکیٹیکٹ سر نورمن فوسٹر اور معروف وکیل بیرسٹر پیٹر کریگ بھی شامل ہیں۔اسی طرح  سدرہ آفتاب، حسنات احمد، ایہام عمورہ، ایلش انجیولینی، انور بیگ، انکور شیو بھنڈاری، نرپال سنگھ پال بھنگل، کاشف بلال، الیسٹر بروس، جارج کالغان، مارگریٹ کیسلی ہیفورڈ، گراہم کیٹلن، میی روز کونر، ایما ڈینڈی، عظیم فاروقی، میتھیو فرتھ، ڈومینک گریوو، ولیم ہیگ، لین مشیل ہیمنگ، بن یامین ایواٹس، سائمن کی، پیٹر مینڈیلسن، رین مائیک لائی، اینجی موکسہم، محمد حفیظ شیخ، شیخ آفتاب احمد جاوید، میکسم ریڈ پارر، عالم پاشا، کدیرا پیتھیاگوڈا، کشمائلہ رؤف، جنوری رائل، طلحہ شاہ، ابرار الحسن، ہیری سٹریٹن، تانیا تاجک، پرتک تروادی، فرانسسک ولادویسی پوپلاؤشی، زنگانگ وانگ اور ڈیوڈ ویلٹس بھی چانسلرکے امیدوارہیں  ،ادھر عمران خان کا نام شامل نہ کرنے پر پی ٹی آئی بانی کے مشیر زلفی بخاری نے مایوسی کا اظہار کیا۔  زلفی بخاری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا  کہ یہ انتہائی افسوس ناک ہے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی نے عمران خان کا نام آکسفورڈ چانسلر کے الیکشن سے خارج کر دیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ میرے وکلا نے یونیورسٹی کو خط لکھ کر اس کی وجہ پوچھی ہے۔ ہم نے ان کی درخواست سے پہلے کئی وکلا اور بیرسٹرز کی رائے لی تھی۔ زلفی بخاری کے مطابق میں دنیا بھر کے پاکستانیوں سے معذرت خواہ ہوں کہ میں اس کوشش میں کامیاب نہیں ہوا۔ میں جانتا ہوں کہ میری قوم اور بہت سے لوگ عمران خان کو آکسفورڈ کے نئے چانسلر کے طور پر دیکھنا چاہتے تھے۔ عمران خان کی طرف سے میں تمام امیدواروں کو آئندہ انتخابات میں نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ واضح رہے کہ رواں برس اگست میں خبر سامنے آئی تھی کہ عمران خان اڈیالہ جیل سے برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے انتخاب کی دوڑ میں شامل ہو چکے ہیں، جس کی تصدیق ان کے مشیر زلفی بخاری نے ایکس پر اپنے بیان میں کی تھی۔   پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری کا کہنا تھا بانی عمران خان کی آکسفورڈ چانسلر شپ کی مہم کیلئے لابنگ فرمز کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔ تاہم  آکسفورڈ یونیورسٹی کی چانسلر شپ کے معاملے پر معروف قانونی فرم میٹرکس چیمبرز نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان آکسفورڈ یونیورسٹی کے ضوابط کے مطابق چانسلر شپ کے اہل نہیں ہیں۔ سینئر قانون دان ہیوساؤتھی کے مطابق بانی پی ٹی آئی مجرمانہ سزا پانے کے سبب اس عہدے کے اہل نہیں ہیں۔علاوہ ازیں امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیرحسین حقانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہاکہ آکسفورڈ کے چانسلرکے لیے اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ ساتھ باکردارہونابھی ضروری ہے،انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی پرسنگین نوعیت کے الزامات ہیں وہ اس عہدے کی اہلیت پر پورانہیں اتررہے تھے،اسی طرح چانسلرکے امیدوارکے لیے سیاست سے دستبردار ہونے کی بھی شرط ہے ۔واضح رہے کہ آکسفورد یونیورسٹی کے چانسلر کا عہدہ روایتی اور علامتی نوعیت کا ہوتا ہے اور اس انتخاب میں نمایاں شخصیات حصہ لے رہی ہیں۔   آکسفورڈ یونیورسٹی کےجاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ 2024 کے اختتام پر لارڈ پیٹن کی ریٹائرمنٹ کے بعد کانووکیشن کے اراکین، جن میں یونیورسٹی کا عملہ اور گریجویٹس شامل ہیں، اب ان کے جانشین کے انتخاب کے لیے آن لائن ووٹ ڈالیں گے۔ بیان میں مزید کہا گیا درخواستوں پر چانسلر کی انتخابی کمیٹی نے صرف اور صرف یونیورسٹی کے ضوابط میں وضع کردہ چار معیار پر غور کیا۔  28 اکتوبر سے شروع ہونیوالے ہفتے میں ووٹنگ کا پہلا راؤنڈ ہو گا جس کے بعد سرفہرست پانچ امیدواروں کے نام کا اعلان چار نومبر سے شروع ہونے والے ہفتے میں کیا جائے گا۔اسی طرح   ووٹنگ کا دوسرا مرحلہ 18 نومبر سے شروع ہوگا جبکہ آکسفورڈ یونیورسٹی کے نئے چانسلر کا اعلان 25 نومبر سے شروع ہونے والے ہفتے میں کیا جائے گا۔  چانسلر آکسفورڈ یونیورسٹی کے ٹائٹلر ہیڈ ہوتے ہیں اور وہ کئی اہم تقاریب کی صدارت کرتے ہیں، چانسلر، وائس چانسلر کے انتخاب کے لیے کمیٹی کی سربراہی بھی کرتا ہے۔