چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ طویل مشاورتی عمل کے بعد آئین سازی کا عمل آگے بڑھتا جارہا ہے، پیپلزپارٹی اور جے یو آئی کا آئین سازی پر 100 فیصد اتفاق ہوچکا ہے۔
اسلام آباد میں جے یو آئی کے رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا مولانا فضل الرحمٰن سے مسلسل رابطہ ہے، عدالتی اصلاحات پر مولانا فضل الرحمٰن سے بات چیت ہوئی، آئینی بینچز پر اتفاق ہوگیا ۔
ان کاکہناتھاکہ سیاسی اتفاق رائے کیلئے ہم نے دن رات کام کیا، آئین اور پارلیمنٹ کو مزید طاقتور بنا رہے ہیں، خواہش ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن خود طے شدہ مسودہ پارلیمنٹ میں پیش کریں، جس طریقے سے مولانا فضل الرحمٰن چاہتے تھے اس طرح مسودہ بنایا ہے، جو ڈرافٹ ہمارا ہے وہ مولانا فضل الرحمٰن نے خود لکھا ہے اس لیے چاہتا ہوں وہ خود پارلیمنٹ میں اسے پیش کریں۔
بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی ثابت کرے کہ وہ سوشل میڈیا کا لشکر نہیں ایک سیاسی جماعت ہے، پی ٹی آئی کم از کم مولانا فضل الرحمٰن کے مسودے پر تو ووٹ دے، امید ہے مولانا فضل الرحمٰن پی ٹی آئی کو قائل کرلیں گے۔







