بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ترمیم ،بلاول کا مولانا کو قائل کرنا سیاستدانوں کیلئے پیغام

اسلام آباد (طارق محمود سمیر ) 26ویں آئینی ترمیم کےحق میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ووٹ دینے کا اعلان کر دیا ہے اور ان کی درخواست پر قومی اسمبلی میں یہ بل اتوار کو منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا ،طویل مذاکرات اور مسلسل ملاقاتوں کے
بعد چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان کو بل کی حمایت کرنے پر قائل کیا اور ایک نوجوان سیاسی رہنما نے بزرگ اور زیرک سیاستدان کو قائل کرکے سیاسی قیادت کو ایک پیغام دے دیا ہے کہ ان میں ڈائیلاگ کے ذریعے مسائل حل کرانے کی صلاحیت موجود ہے تاہم اس معاملے میں وزیراعظم شہباز شریف نے بھی مسلسل لچک دکھائی اور بار بار قومی اسمبلی ، سینیٹ اور کابینہ کے اجلاس ملتوی کئے جاتے رہے۔ ایک طرف پارلیمنٹ ہائوس اور دوسری طرف مولانا کی رہائشگاہ سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بنی رہی مولانا فضل الرحمان نے تحریک انصاف کو بھی سیاسی سپیس دلوانے میں کردار ادا کیا اور ان کی کوششوں کے نتیجے میں ہی پی ٹی آئی کے وفد کی اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات ممکن ہوئی اور عمران خان نے اپنے سابق مخالف سیاسی حریف مولانا فضل الرحمان کے بارے میں جن مثبت خیالات کا اظہار کیا وہ بھی اس بات کی واضح نشاندہی ہے کہ مولانا فضل الرحمان جو پل کا کردار ادا کر رہے تھے ان کے درمیان بھی دوریاں اور تلخیاں کم ہو گئی ہیں ۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مسودے کی منظوری دی جا رہی ہے اور اب قومی اسمبلی میں مولانا فضل الرحمان بلاول بھٹو کی درخواست پر یہ بل منظوری کیلئے پیش کرینگے۔ اگر کل تحریک انصاف مولانا فضل الرحمان کو مثبت جواب دے گی تو یہ ترمیم متفقہ طور پر منظور ہو جائے گی اور اگر تحریک انصاف نے ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا تو مولانا کی حمایت سے سینیٹ اور قومی اسمبلی میں حکومت کو واضح طور پر دو تہائی اکثریت مل جائے گی اور اس طرح آئینی ترمیم منظور ہو جائے گی ۔