بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

26 ویں آئینی ترمیم آج پارلیمنٹ میں پیش ہونے جارہی ہے،وزیرقانون

اسلام آباد: وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم آج پیش ہونے جارہی ہے اور چیف جسٹس کی تقرری اس پیکج کا حصہ ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد   میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون نے کہا کہ بلاول بھٹو نے آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے ان تھک محنت کی،اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد ترمیم پر اتفاق رائے ہوا اور 26 ویں آئینی ترمیم آج پارلیمنٹ میں پیش ہونے جارہی ہے ۔
ان کاکہناتھا کہ آئینی پیکج انصاف کی فوری فراہمی سے متعلق اہم قدم ہے، چیف جسٹس پاکستان کی تقرری اس پیکج کا حصہ ہے اور چیف جسٹس کی مدت تین سال مقرر کی گئی ہے۔
وزیرقانون نے کہا کہ ترمیم میں صوبوں میں آئینی بینچز کا مکینزم شامل کیا گیا ہے، جوڈیشل کمیشن کے حوالے سے اس میں شقیں شامل ہیں، غیر مسلم ممبر کو بھی جوڈیشل کمیشن کا حصہ بنایاجائے گا جب کہ صوبائی جوڈیشل کمیشن کی شکل وہی رہے گی مگر جو نئی چیز شامل کی وہ پرفارمنس ایویلیو ایشن ہے۔
وزیرقانون نے کہا کہ جے یو آئی نے آئینی ترامیم میں 5 تجاویز دی ہیں، جے یو آئی کی سود سے متعلق تجویز کو آئینی ترمیم میں شامل کیاگیا، سپریم کورٹ نے بھی سود کے خاتمے سے متعلق آبزرویشن دی تھی، یکم جنوری 2028 سے سودی نظام کا خاتمہ ہوجائے گا۔
اس موقع پر وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑنے کہاکہ آج پاکستانی عوام کے لئے اور پارلیمان کی بالادستی کے حوالے سے تاریخی دن ہے۔انہوں نے کہاکہ پارلیمان کی بالادستی کے لئے آئین واضح ہے، سستے اور فوری انصاف کی فراہمی کو آسان بنانے کے لئے چارٹر آف ڈیموکریسی میں طے ہوا تھا۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت جمہوری عمل کا حسن ہے،  مشاورت کے عمل میں کسی سیاسی جماعت کو باہر نہیں رکھا گیا، آئینی ترامیم پر طویل مشاورت جاری رہی، آئینی ترامیم کے حوالے سے کسی قسم کی عجلت کا مظاہرہ نہیں کیا گیا، انہوں نے کہاکہ آئینی پیکیج انصاف کی فوری فراہمی کے حوالے سے اہم قدم ہے، وزیر اطلاعات نے کہاکہ آئینی ترمیم کے لئے سیر حاصل اور طویل مشاورت کی گئی، وزیر اطلاعات نے کہاکہ نائب وزیراعظم، وزیر قانون سمیت دیگر زعما نے آئینی ترامیم میں اہم کردار ادا ہے۔