ممبئی(شوبز ڈیسک)بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کی نئی فلم ‘جِگرا’ اپنے ریلیز کے ایک ہفتے بعد ہی ان کے کیریئر کی سب سے ناکام ترین فلم بن گئی۔
90 کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والی یہ فلم 11 اکتوبر کو سینما گھروں میں ریلیز ہوئی لیکن عوام کو متوجہ کرنے میں ناکام رہی اور بھارت میں صرف 27 کروڑ روپے جبکہ گلوبل باکس آفس پر 44 کروڑ کا بزنس کر سکی۔
جگرا کے ہدایتکار وسـن بالا نے اِس فلم کی باکس آفس پر ناکامی کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے وجوہات پر بھی بات کی۔
وسـن بالا نے کہا کہ عالیہ بھٹ اور پروڈیوسر کرن جوہر نے ان پر اعتماد کیا تھا اور وہ اس اعتماد پر پورا نہیں اتر سکے۔
انہوں نے کہا کہ فلمساز کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ ناظرین کو سینما گھروں تک لانے کے لیے مضبوط مواد فراہم کرے۔
وسن بالا نے کہا کہ ‘عالیہ بھٹ اِس وقت سب کی پہلی پسند ہیں، وہ کسی اور فلم کے سیٹ پر بھی ہو سکتی تھیں مگر انہوں نے اُس وقت ‘جگرا’ کرنے کا فیصلہ کیا، لہذا انہوں نے اس فیصلے کے ساتھ مجھ پر بھروسہ کیا، تو اسے باکس آفس پر کامیاب بنانا میری ذمہ داری تھی کیونکہ ہم ہی فلم سازی کا بزنس کررہے ہیں’۔
انہوں نے مزید کہا کہ ‘تو اسی لیے مجھے یہ سوچنے کی ضرورت ہے کہ کچھ تو ہوا ہے نا؟ کچھ ایسا ہوا ہے کہ لوگوں نے جگرا دیکھنے کیلئے سینما کا رخ نہیں کیا، کچھ ایسا ہوا کہ انہوں نے جگرا دیکھنے کیلئے تھیٹر آنے کی ضرورت محسوس نہیں کی، اگر کوئی بھی اداکار آپ کو اپنا وقت دیتا ہے، تو ظاہر ہے کہ آپ کو اس کا بھرپور استعمال کرنا چاہیے’۔
واضح رہے کہ وسن بالا کی ہدایتکاری میں بننے والی اِس فلم میں عالیہ بھٹ نے ایک جانباز بہن کا کردار ادا کیا ہے جو اپنے بھائی کو ایک غیر ملکی جیل سے رہا کروانے کیلئے جی جان لڑا دیتی ہے جہاں اسکے بھائی کو سزائے موت سنائی جاچکی ہے۔









