لاہور (نیوز ڈیسک) غریبوں کے خوابوں کی تعبیر میں ایک نئی داستان رقم ہوئی، جب کوٹ لکھپت کی سنگل مدر صوبینہ منیر کو اس کے زیر تعمیر گھر کے لئے باقی کی آدھی رقم بھی مل گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اچانک خاتون کے گھر کا دورہ کیا اور اسے چیک دے کر سرپرائز کیا۔
صوبینہ منیر نے وزیراعلیٰ کو اپنے گھر میں دیکھ کر آ نسو ضبط نہ کرسکی اور فرط جذبات سے رونے لگی۔ مریم نواز شریف نے خاتون کو گلے لگایا اور دلاسہ دیتے ہوئے کہا، “اللہ کا شکر ہے کہ آپ کا گھر کا خواب پورا ہو رہا ہے۔”
وزیراعلیٰ نے اندرون راجپوتاں میں خاتون کے زیر تعمیر گھر کا جائزہ لیا، جہاں صوبینہ کی صاحبزادیوں طیبہ اور عائشہ نے انہیں پھول پیش کیے۔ صوبینہ منیر نے کہا، “آپ نے میرا گھر بنایا لیکن آپ کی محبت نے میرے دل میں گھر بنالیا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ پہلے ان کے پاس گھر بنانے کے پیسے نہیں تھے، لیکن مریم نواز نے مدد کی۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ “محمد نوازشریف ہر غریب کو گھر دینا چاہتے ہیں۔” انہوں نے یہ بھی عزم کیا کہ پنجاب کا کوئی شہری اپنی چھت سے محروم نہ رہے۔ صوبینہ نے بتایا کہ انہوں نے دو اکتوبر کو چیک ملنے کے بعد پندرہ دن میں تعمیر شروع کی۔
وزیراعلیٰ نے گھر بنانے والی ٹیم کو بھی شاباش دی، جو اس خواب کو حقیقت میں بدلنے میں مددگار ثابت ہوئی۔







