اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وسط ایشیائی ریاست جمہوریہ ازبکستان کے سینٹرل الیکشن کمیشن نے سینیٹ آف پاکستان کے تین ارکان کو اپنے انتخابی عمل کا جائزہ لینے کےلئے بطور بین الاقوامی مبصر دعوت دی ہے۔ ازبکستان کی پارلیمنٹ کے لئے27 اکتوبرکو انتخابات کا انعقاد ہو رہا ہے۔ ازبک الیکشن کمیشن نے اپنے دعوت نامے میں بتایا ہے کہ معزز سینیٹرز کا انتخاب ازبک وزارتِ خارجہ کی سفارش کی روشنی میں کیا گیا ہے۔ پروگرام کے مطابق مسلم لیگ(ن) کے پارلیمانی لیڈر اور سینیٹ میں امورِخارجہ قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی تین رکنی وفد کی قیادت کریں گے جس میں پیپلز پارٹی کے سینیٹر سرمد علی اور ایم۔کیو۔ایم کے سینیٹر عامر چشتی شامل ہیں۔ وفد 25 اکتوبر کو تاشقند روانہ ہو گا۔ اسکی مصروفیات میں ازبک اسمبلی ارکان ،سرکاری حکام اور چیف الیکشن کمشنرسے ملاقاتیں شامل ہیں۔ 27 اکتوبر کو وفد کے ارکان مختلف پولنگ سٹیشنز کا دورہ کرکے انتخابی عمل کا جائزہ لیں گے۔وفد سمر قند میں حضرت امام بخاری ؒکے مقبرے پر بھی حاضری دے گا۔
ازبکستان کے انتخابات، پاکستانی سینیٹرز کا تین رکنی مبصر گروپ ازبکستان جائے گا







